تہران(ایجنسیاں):ایران کی آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ ترانہ علی دوستی کو تہران کی جیل سے ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔38 سالہ ترانہ علی کو 17 دسمبر کے دن حراست میں لیا گیا تھا، جنہیں 18 روز بعد رہا کر دیا گیا ہے۔انہوں نے سوشل میڈیا پر مختلف پوسٹس کی تھیں جس میں اپنے سر سے اسکارف اتارا تھا اور احتجاجی مظاہرین کو پھانسی دینے کی مذمت کی تھی۔اداکارہ نے زن، زندگی، آزادی کے نعرے کے ساتھ تصویر بھی شیئر کی تھی۔ایران نے اب تک دو احتجاجی مظاہرین کو پھانسی کی سزا دی ہے جبکہ متعدد کو سزائے موت سنائی جاچکی ہے۔سوشل میڈیا پر ترانہ علی کی تصاویر بھی جاری ہوئیں جس میں جیل کے باہر ان کے دوستوں نے پھول دے کر ان کا استقبال کیا۔