علی گڑھ : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن نے اپنے پلیسمنٹ ڈجیٹائزیشن پلیٹ فارم ’سپر سیٹ‘ کا آغاز کیا ہے تاکہ طلباء پورے ملک میں ملازمت کے لئے بھرتی کرنے والے اداروں کے ساتھ مربوط ہوکر مواقع کا فائدہ اٹھاسکیں۔
شعبہ کے سابق طلباء، مسٹر شیلیندر سنگھل اور مسٹر عمران خان کے تعاون سے خریدے گئے ڈجیٹل پلیٹ فارم کو صدر شعبہ پروفیسر جمال اے فاروقی نے لانچ کیا۔
اس موقع پر مسٹر سنگھل اور مسٹر خان نے انڈسٹری اور تعلیمی ادارے کے باہمی اشتراک کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے اپنے تجربات اور نقطہ نظر کے بارے میں گفتگو کی اور واضح کیا کہ یہ پلیٹ فارم کس طرح طلباء کے لیے مفید ہوگا۔
ایک دیگر سابق طالب علم اور مہمان خاص مسٹر ظفر نعمانی نے طلباء پر زور دیا کہ وہ امتیازی کارکردگی کو اپنا ہدف بنائیں۔
اسٹوڈنٹ ٹی پی او کوآرڈنیٹر مسٹر سیانتن مجمدار نے پلیسمنٹ پلیٹ فارم کا تعارف کرایا۔ دوسرے اسٹوڈنٹ ٹی پی او کوآرڈنیٹرز مسٹر محمد یاسر اور مس ارما بانو نے گزشتہ ایک سال کے دوران ہونے والی پلیسمنٹ سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔
قبل ازیں مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے پروفیسر سلمیٰ احمد، ڈین، فیکلٹی آف مینجمنٹ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ نے کہا کہ ایک کامیاب منیجر کے لیے تعاون و اشتراک اور ٹیم ورک بہت اہم ہے۔
پروفیسر جاوید اختر، فیکلٹی انچارج، الومنئی افیئرز نے شعبہ کے سابق طلباء سے وابستہ اور مربوط ہونے میں شعبہ کی کامیابیوں کا ذکر کیا اور ادارے کی مجموعی ترقی میں سابق طلباء کے نیٹ ورک کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر فیکلٹی ٹی پی او اور الومنئی کمیٹی کے اراکین کو ان کی گرانقدر کاوشوں کے لئے توصیفی اسناد سے نوازا گیا۔ آخر میں پروفیسر صبوحی نسیم، فیکلٹی ایڈوائزر، ٹی پی او، شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن نے شکریہ کے کلمات ادا کئے۔