نئی دہلی ( ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک):برطانیہ میں وزیر اعظم کی ریس میں رِشی سنک کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ برطانیہ کی وزیر خارجہ لز ٹرس برطانیہ کی نئی وزیر اعظم منتخب کر لی گئی ہیں۔ وہ بورس جانسن کی جگہ لیں گی۔ لز ٹرس کو آج برطانیہ کی برسراقتدار کنزرویٹو پارٹی کا لیڈر منتخب کر لیا گیا ہے۔ بورس جانسن کے جانشیں کی شکل میں پارٹی اراکین کو سابق چانسلر رشی سنک اور وزیر خارجہ لز ٹرس میں سے کسی ایک کو منتخب کرنا تھا، اور ٹرس کو اس میں کامیابی ملی ہے۔
ملکہ الزبتھ دوئم کی جانب سے باضابطہ تقرری کے بعد نئی وزیر اعظم کل اپنا عہدہ سنبھالیں گی۔
لز ٹرس مارگریٹ تھیچر (1979–1990) اور تھریسا مے (2016–2019) کے بعد وہ برطانیہ کی تیسری خاتون وزیر اعظم ہوں گی۔ لز ٹرس نے وعدہ کیاتھا کہ اگر وہ وزیر اعظم منتخب ہوتی ہیں تو وہ اقتدار سنبھالنے کے پہلے ہی دن سے ٹیکسوں میں کمی کا حکم جاری کریں گی۔