نئی دہلی( ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک): متنازعہ اداکارہ کنگنا رناوت کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہدایتکار مہیش بھٹ اسلام قبول کر چکے ہیں اور اُن کا اصلی نام ’اسلم‘ ہے۔
2006ء میں فلم ’گینگسٹر‘ سے اپنے کریئر کا آغاز کرنے والی اداکارہ کنگنا رناوت نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر اسٹوریز کے ذریعے دعویٰ کیا ہے کہ معروف ہدایتکار اور اداکارہ عالیہ بھٹ کے والد مہیش بھٹ نے اپنا مذہب تبدیل کر لیا ہے۔
نیوز ویب سائٹ ’زی نیوز‘ کے مطابق کنگنا رناوت کی جانب سے مہیش بھٹ کی چند پرانی ویڈیوز شیئر کی گئی ہیں جن سے متعلق کنگنا رناوت کا کہنا ہے کہ مہیش بھٹ اپنا مذہب اور اصلی نام لوگوں سے چھپاتے ہیں اور شاعری کے ذریعے لوگوں کو تشدد کی طرف مائل کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہیش بھٹ نے اپنا نام اور مذہب سونی راز دان سے شادی کے لیے تبدیل کیا تھا، مہیش بھٹ کا اصلی نام (اسلم) خوبصورت نام ہے، اِنہیں اپنا اصلی نام چھپانا نہیں چاہیے۔
واضح رہے کہ اداکارہ کنگنا اور مہیش بھٹ میں 2020ء سے اختلافات چل رہے ہیں۔
مہیش بھٹ کی بیٹی پوجا بھٹ کی جانب سے اپنی فلم میں کنگنا کو کردار دینے سے انکار کر دیا گیا تھا جس کے بعد سے کنگنا اور مہیش بھٹ کے درمیان سرد جنگ جاری ہے۔