نئی دہلی، 01 مئی (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے امیدوار منوج تیواری نے قومی دارالحکومت کے شمال مشرقی دہلی لوک سبھا حلقہ سے آج اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ نامزدگی داخل کرنے سے پہلے مسٹر تیواری نے روڈ شو کیا۔مسٹر تیواری کے روڈ شو کے دوران ان کے ساتھ وزیر دفاع اور سینئر پارٹی لیڈر راجناتھ سنگھ اور بی جے پی کے دیگر سینئر لیڈر تھے۔روڈ شو کے دوران وزیر دفاع نے کہا، ”وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہمارا ہندوستان نئی سوچ کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ دنیا دیکھ رہی ہے کہ ہندوستان اب وہ نہیں رہا جو پہلے تھا، اب وہ دنیا کا ایک طاقتور ملک بن گیا ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی قومی راجدھانی کی تمام سات لوک سبھا سیٹیں جیت لے گی۔مسٹر تیواری شمال مشرقی دہلی حلقہ سے کانگریس امیدوار کنہیا کمار کے خلاف مقابلہ کر رہے ہیں۔قومی راجدھانی کی تمام سات سیٹوں کے لیے 25 مئی کو ایک ہی مرحلے میں ووٹنگ ہوگی اور انتخابی نتائج کا اعلان 4 جون کو کیا جائے گا۔