نئی دہلی (یو این آئی) قومی راجدھانی کے چاندنی چوک کے بھاگیرتھ پیلس الیکٹرانک مارکیٹ میں جمعرات کی رات زبردست آگ لگ گئی آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں دہلی فائر سرویس ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر اتل گرگ نے بتایا کہ آگ پر قابو پانے کے لیے کئی فائر انجن موقع پر موجود ہیں اور آگ پر قابو پانے کی تمام کوششیں کی جارہی ہیں۔ تاہم انہوں نے مزید کہا کہ ابھی تک اس حادثے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
فائر ڈیپارٹمنٹ کو تقریباً 9.30 بجے آگ لگنے کی اطلاع دی گئی۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کے عملے اور فائر انجن آگ پر قابو پانے کے لیے موقع پر روانہ ہوئے۔ آگ اتنی شدید تھی کہ کچھ ہی دیر میں تقریباً 20 دکانوں تک پھیل گئی۔ اس واقعے کے بعد چاروں طرف افراتفری پھیل گئی اور دھویں کے غبارے نظر آنے لگے۔
انہوں نے آج صبح کہا، "صورتحال بہت خراب ہے۔ تاہم آگ لگنے والی زیادہ تر عمارت مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے۔ آگ پر قابو پانے کے لیے 40 گاڑیوں کو کام میں لگایا گیا ہے۔
سابق وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن آج علی الصبح موقع پر پہنچ گئے۔ انہوں نے کہا کہ آگ کی وجہ سے عمارت آہستہ آہستہ گر رہی ہے۔ عمارت کی دو منزلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔
تاہم انہوں نے کہا کہ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ بھاگیرتھ پیلس دارالحکومت کی سب سے بڑی الیکٹرانک مارکیٹ ہے۔