نئی دہلی(یو این آئی) دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے بہار میں زہریلی شراب معاملے میں مبینہ طور پر ملوث شخص کو گرفتار کیا ہے،جس میں کم از کم 80 لوگوں کی جانیں گئی تھیں۔ پولیس نے ہفتہ کو یہ اطلاع دی۔ پولیس کے مطابق زہریلی شراب سے لوگوں کی جان لینے والے ماسٹر مائنڈ کی شناخت رام بابو مہتو کے طور پر ہوئی ہے۔ بہار میں مبینہ طور پرزہریلی شراب کیس کے ماسٹر مائنڈ کو دہلی کے دوارکا علاقے سے گرفتار کیا گیا ہے۔ دہلی پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ مہتو سارن ضلع کے مشرک پولیس اسٹیشن اور اسوا پور پولیس اسٹیشن میں درج دو مقدمات میں ملزم ہے۔
زہریلی شراب واقعہ کے بعد مہتو بہار سے بھاگ کر دہلی آ گیا۔ دہلی پولیس کو اطلاع ملی کہ مہتو یہیں کہیں چھپا ہوا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ نگرانی اور مخصوص اطلاع کی بنیاد پر ملزم کو پولیس ٹیم نے جمعہ کی رات دیر گئے گرفتار کیا۔ ملزمان کے خلاف سات سے زائد فوجداری مقدمات درج ہیں۔
پولیس نے کہا کہ مناسب قانونی کارروائی کی جا رہی ہے او رمزید کارروائی کے لیے مہتو کی گرفتاری کی اطلاع بہار پولیس کے ساتھ معلومات شیئر کی گئی ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ ماسٹر مائنڈ مہتو کا تعلق کسان خاندان سے ہے اور خاندان میں چار بھائی اور دو بہنیں ہیں۔ ان کے خاندان کی مالی حالت اچھی نہیں ہے بہار میں پابندی کی وجہ سے اس نے جلدی اور آسانی سے پیسہ کمانے کا سوچا۔ وہ مبینہ طور پر نقلی شراب بنانے اور فروخت کرنے میں لگ گیا۔