علی گڑھ : جے این میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ای این ٹی شعبہ نے عالمی یوم سماعت -2023 کے موقع پر ای این ٹی اوپی ڈی میں ایک مفت طبی کیمپ کا اہتمام کیا جس میں 60 سے زائد بچوں اور 150 سے زائد مریضوں کی سمعی صلاحیتوں کی جانچ کی گئی اور انھیں طبی مشورے دئے گئے۔ ’آزادی کا امرت مہوتسو‘ کے تحت اس پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔اس کے علاوہ کوشلیئر امپلانٹ کے سلسلہ میں ایک کاؤنسلنگ سیشن بھی منعقد کیا گیا جس میں مریضوں کو ضروری معلومات فراہم کی گئیں اور جن بچوں کا کوشلیئر امپلانٹ ہورہا ہے ان کی پیش رفت کا معائنہ کیا گیا ۔ای این ٹی شعبہ کے سربراہ پروفیسر محمد آفتاب نے بتایا کہ عالمی صحت تنظیم نے سال 2023 کے لئے عالمی یوم سماعت کا تھیم ’’ سبھی کے لیے کان اور قوت سماعت کی نگہداشت‘‘ مقرر کیا تھا۔ انہوں نے ہر عمر کے لوگوں کی سمعی صلاحیتوں کو برقرار رکھنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے اور علاج کے بارے میں تفصیل سے گفتگو کی۔ انہوں نے کہاکہ تیز آوازوں سے بہرے پن کے خطرات بڑھ جاتے ہیں، اس سلسلہ میں لوگوں کو بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔
پروفیسر راکیش بھارگو (پرنسپل اور سی ایم ایس، جے این ایم سی) نے بہرے پن کی بڑھتی ہوئی بیماری کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا اور قوت سماعت کے تحفظ کے سلسلہ میں عوامی سطح پر بیداری پر زور دیا ۔
ڈاکٹر آفتاب احمد (انچارج، کوشلیئر امپلانٹ پروگرام) نے پیدائشی بہرے پن کی بروقت تشخیص اور علاج کی ضرورت پر گفتگو کی اور کوشلیئر امپلانٹ سرجری کے لیے بچوں کی مفت امداد سے متعلق مختلف حکومتی اسکیموں پر روشنی ڈالی۔
طبی کیمپ میں آشوتوش کمار نے قوت سماعت کی جانچ کی جبکہ کامران فاروق خاں نے سماعت سے محروم مریضوں کی تھیریپی کی۔