رامپور، 12 دسمبر(یواین آئی)آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس (اترپردیش) کی جانب سے مولانا محمد علی جوہر کے یوم پیدائش کی مناسبت سے رامپور میں اجمل خاں طبیہ کالج علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابق ڈین فیکلٹی آف یونانی میڈیسن پروفیسر افضال کی حیات و خدمات پر ایک یادگاری لیکچر اور سی ایم ای کا اہتمام کیا گیا ۔پروگرام کی صدارت ڈاکٹر رام منوہرلوہیا اسپتال اور صفدر جنگ ہسپتال میں واقع یونانی میڈیکل سنٹر کے سابق سربراہ ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے کی۔
انہوں نے کہا کہ اب لازمی طور پر آیوش ڈاکٹروں کو سی ایم ای جوائن کرنا چاہیے کیونکہ این سی آئی ایس ایم کی گائڈ لائن کے مطابق آیوروید اور یونانی ڈاکٹرں کے رجسٹریشن اور تجدید کے لیے سی ایم ای پروگراموں میں شرکت کا سرٹیفکیٹ ضروری ہے۔ انہوں نے پروگرام کے کنوینر ڈاکٹر محمد عبدالسلام خاں اور شریک کنوینر ڈاکٹر محمد کاشف اور اُن کی ٹیم کو کامیاب پروگرام منعقد کرنے کے لیے مبارکباد پیش کی۔
مولانا محمد علی جوہر کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے کہا کہ وہ ہمارے قومی رہنما تھے اور جنگ آزادی میں بے مثال قربانی پیش کی اس کے لیے پوری قوم ان کی ہمیشہ قرض دار رہے گی۔ پروفیسر افضال احمد کی حیات و خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے کہا کہ وہ ایک مومن صفت، صاحب کردار شخصیت کے حامل انسان تھے۔ انہوں نے سوشل ہیلتھ اینڈ ایجوکیشنل سوسائٹی کے ذریعہ ریٹائرمنٹ کے بعد عوام کی بے لوث خدمات انجام دی۔ یہی وجہ ہے کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ہر شعبہ کے لوگ ان کو قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھتے تھے۔
اس موقع پر مہمان خصوصی کے طور پر علاقائی آیوروید اور یونانی آفیسر ڈاکٹر ہری اوم نے شرکت کی اور پروگرام کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کی سرگرمیاں پورے ملک میں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں، ہم اس تنظیم میں شامل سبھی کے شکر گزار ہیں اور مبارکباد پیش ہے۔ پروگرام میں کشمیر یونانی میڈیکل کالج سے آئے ڈاکٹر ارسلان بیگ نے لیزر تھیراپی کے استعمال کے بارے میں تفصیل سے حاضرین مجلس کو خطاب کیا اور لیزر تھیراپی کے تعلق سے مفید معلومات فراہم کیں۔ اس پروگرام میں دہلی سے آئے سی ایم او تہاڑ جیل ڈاکٹر حبیب اللہ، سابق ڈپٹی ڈائرکٹر سی سی آریو ایم ڈاکٹر ذکی الدین اور نیما رامپور کے عہدے داران نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس اترپردیش کے نائب صدر ڈاکٹر محمد عبدالسلام نے پروگرام کی نظامت بحسن و خوبی انجام دی۔
پروگرام میں ان ڈاکٹروں کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا جو برسوں سے اپنی خدمات ضلع رامپور میں دے رہے ہیں۔ ان میں 44 سالوں سے شاہ آباد ضلع رامپور میں ڈاکٹر فہیم احمد خان، 39 سالوں سے ڈاکٹر محمد یونس، 34 برسوں سے ڈاکٹر محمد انیس کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا۔ رائزنگ اسٹار ایوارڈ سے بچوں کے ماہر ڈاکٹر سید سیف الرحمن میاں کو نوازا گیا اور حکیم الغربا ایوارڈ سے ڈاکٹر مہدی حسن جو کہ ایک لمبے عرصے سے ضلع رامپور میں اپنی خدمات دے رہے ہیں۔ اہم شرکاء میں ڈاکٹر احسان احمد صدیقی، ڈاکٹر محمد عارف سیفی، حکیم محمد مرتضیٰ دہلوی، حکیم آفتاب عالم، اسرار احمد اُجینی، مظفراللہ خاں اور محمد عمران قنوجی وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔