نئی دہلی (یو این آئی) اردو، فارسی کے مستند و معروف شاعر مرزا اسد اللہ خاں کا 227واں یوم ولادت پورے ملک میں بڑے خلوص و محبت سے منایاگیا۔ اس موقع پر غالب سے منسوب ادارے غالب انسٹی ٹیوٹ اور غالب اکیڈمی کے اراکین نے مزار غالب پر حاضر ہو کر گل پوشی و فاتحہ خوانی کے فرائض انجام دیے۔ غالب انسٹی ٹیوٹ کے ڈائرکٹرڈاکٹر ادریس احمد نے عالمی اردو ٹرسٹ کے چیئرمین اے رحمان،سکریٹری، غالب اکیڈمی ڈاکٹر عقیل احمد، لائبریرین مشتاق احمد اورویب ڈیزائنرجناب محمد عمرکیرانوی کے ساتھ مزار غالب پر حاضری دی اور غالب کو خراج عقیدت پیش کیا۔
غالب انسٹی ٹیوٹ کے سکریٹری پروفیسر صدیق الرحمٰن قدوائی نے اپنے پیغام میں کہا میری خواہش ہے کہ نئی نسل غالب کا نام صرف فیشن کے طور پر نہ لے بلکہ اس کے اصل جوہر سے بھی واقف ہو۔اس موقع پر غالب انسٹی ٹیوٹ کے ڈائرکٹر نے کہا کہ میں گذشتہ 37 سال سے مزار غالب پر حاضر ہوتا رہا ہوں۔ میں نے مزار غالب کو خستہ حالت میں بھی دیکھا ہے اور اس کو واگزار کرانے کی مہم میں بھی شریک رہا ہوں۔ مجھے یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے کہ آج مزار غالب پوری شان و شوکت کے ساتھ موجود ہے۔