بنگلورو (یو این آئی) کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارمیا نے وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ وہ خواتین کے ریزرویشن بل کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرکے خواتین کو ’دھوکہ‘‘ دے رہے ہیں۔
مسٹر سدارمیا نے کہا کہ مردم شماری، حد بندی اور قانون کے نافذ ہونے میں لگنے والے طویل وقت جیسی ’رکاوٹوں‘ نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ’منافقت‘ کو بے نقاب کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین ریزرویشن بل 2026 میں ہونے والی مردم شماری کے بعد ہی نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے خواتین ریزرویشن بل کے لیے 15 سال کی میعاد ختم ہونے کی تاریخ مقرر کی ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ بل نافذ ہونے سے پہلے ہی ختم ہو جائے گا کیونکہ مردم شماری اور حد بندی کی رکاوٹوں کو دور کرنے میں 15 سال لگیں گے۔ دوسرے لفظوں میں بل کا نفاذ 2024 یا 2029 میں نہیں ہو گا۔ 2034 میں بھی یہ کارگر ثابت نہیں ہو گا۔