نئی دہلی، 01 نومبر (یو این آئی) کانگریس کے صدر ملک ارجن کھڑگے نے وزیر اعظم نریندر مودی پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جھوٹے جملے دیے ہیں اور ملک کے لوگوں سے وعدہ خلافی کی ہے، اس لیے دوسروں پر انگلیاں اٹھانے سے پہلے انہیں بتانا چاہیے کہ ملک کے 140 کروڑ لوگوں کے ساتھ مذاق کیوں کیا؟
مسٹر کھڑگے نے کہا کہ مسٹر مودی کی گارنٹی ہندوستانیوں کے لئے ایک مذاق ہے۔ 2 کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا ہوا؟ انہوں نے اچھے دنوں کے بارے میں بھی سوال کیا اور کہا کہ روپیہ اب تک کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا ہے، اس حوالے سے مودی کے وعدے کا کیا ہوا؟ انہیں بتانا چاہیے کہ ان کے نعرے ’نا کھاؤنگا نہ کھانے دونگا‘ کا کیا ہوا۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی پی ایم مودی جیسا جھوٹ نہیں بول سکتا۔ جھوٹ، فریب، فراڈ، لوٹ مار اور جھوٹا پروپیگنڈہ آپ کی حکومت کی حقیقت ہے۔ ہنڈرڈ ڈے پلان کے بارے میں ڈھول پیٹنا آپ کا سستا پی آر اسٹنٹ تھا۔
مسٹر کھڑگے کا یہ تبصرہ مسٹر مودی کے بیان کے جواب میں آیا ہے۔ مسٹر کھڑگے نے کچھ دن پہلے کہا تھا کہ پارٹی لیڈران کو صرف اتنا ہی وعدہ کرنا چاہئے جتنا آپ دے سکتے ہیں۔ اس پر مسٹر مودی نے کہا کہ کانگریس پارٹی سمجھ رہی ہے کہ جھوٹے وعدے کرنا آسان ہے، لیکن ان کو صحیح طریقے سے نافذ کرنا مشکل یا ناممکن ہے۔