پٹنہ، 26 فروری (یو این آئی) بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے اس سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی کابینہ میں توسیع کی اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کوٹے سے سات ایم ایل اے کو وزیر بنایا ہے۔گورنر عارف محمد خان نے بدھ کو یہاں راج بھون میں منعقدہ ایک تقریب میں نئے وزراء کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ اس دوران وزیر اعلیٰ نتیش کمار، اسمبلی اسپیکر نند کشور یادو، نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری، کابینہ کے دیگر ساتھی اور اعلیٰ حکام موجود تھے۔
وزراء کے طور پر حلف لینے والوں میں دربھنگہ شہر کے ایم ایل اے سنجے سراوگی، بہار شریف سے ڈاکٹر سنیل کمار، دربھنگہ کے جالے اسمبلی حلقہ سے ایم ایل اے جیویش مشرا، مظفر پور کے صاحب گنج سے ایم ایل اے راجو کمار سنگھ،سیتامڑھی کے ریگا سے ایم ایل اے موتی لال پرساد، ارریہ کے سیکٹی سے ایم ایل اے وجے کمار منڈل اور امنور کے ایم ایل اے کرشنا کمار منٹو شامل ہیں۔
نئے مقرر کردہ وزراء وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت والی قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) سرکار میں بی جے پی کے کوٹے سے آئے ہیں۔ اس توسیع کے ذریعےسرکار نے آئندہ انتخابات سے قبل مختلف طبقات اور کمیونٹیز کو اپنی طرف متوجہ کرنے کی حکمت عملی اپنائی ہے۔