نئی دہلی(یو این آئی) تجربہ کار بلے باز وریندر سہواگ نے بی سی سی آئی سے آئندہ ورلڈ کپ میں کھلاڑیوں کی جرسیوں پر ‘بھارت’ کا نام دینے کا مطالبہ کرنے والی ’ایکس‘ پر اپنی سابقہ پوسٹ کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، ان کی دلچسپی صرف بھارت میں ہے جو اس ملک کا اصل نام ہے۔
سہواگ نے بدھ کو کہا، ”اگر میری کوئی سیاسی خواہش ہوتی تو میں گزشتہ دو لوک سبھا انتخابات میں دونوں پارٹیوں کا امیدوار بن چکا ہوتا۔ ہمارے ملک کو بھارت کہہ کر مخاطب کیا جانا چاہیے جبکہ اسے ایک سیاسی چیز کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ میں کسی خاص سیاسی جماعت کا پرستار نہیں ہوں۔ دونوں قومی جماعتوں میں اچھے لوگ بھی ہیں اور نااہل بھی۔
انہوں نے کہا، "میں ایک بار پھر واضح کرتا ہوں کہ میری نہ کبھی کوئی سیاسی خواہش تھی اور نہ ہی مستقبل میں ہو گی۔ اگر کرنا تھا تو گراؤنڈ پر کامیابیاں کسی بھی پارٹی سے ٹکٹ حاصل کرنے کے لیے کافی تھیں۔ اپنے دل کی بات کرنا سیاسی عزائم سے مختلف ہے۔ میری دلچسپی صرف بھارت میں ہے۔
سہواگ نے کہا کہ خود کو انڈیا کہنے والا یونائیٹیڈ اپوزیشن خود کو بھارت بھی کہہ سکتا ہے۔ بہت سے تخلیقی لوگ ہیں جو اس کے لیے موزوں مکمل فارم تجویز کر سکتے ہیں۔ کانگریس نے بھارت جوڑو یاترا کے نام سے ایک یاترا بھی نکالی تھی۔ بدقسمتی سے بہت سے لوگ بھارت کے لفظ سے خود کو غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں۔ اگر بحیثیت قوم ہمیں بھارت کے نام سے مخاطب کیا جائے تو اس سے مجھے بے حد اطمینان اورتسلی ملے گی۔