مدینہ منورہ: رمضان کے پہلے دو عشروں کے دوران مسجد نبوی ﷺ آنے والے زائرین کی تعداد 2 کروڑ سے زائد رہی۔مسجد نبویؐ کی انتظامیہ کے مطابق 20 رمضان سے اب تک روضہ رسول ﷺ پر حاضری دینے والوں کی تعداد 16 لاکھ 43 ہزار 288 رہی جبکہ ریاض الجنہ کیلئے 3 لاکھ 58 ہزار 632 مرد اور 2 لاکھ 96 ہزار 595 خواتین کو پرمٹ جاری کیے گئے۔ 27 ویں شب کے موقع پر مسجد الحرام کے دالان، تہہ خانے، چھت، تیسری توسیع، اطراف کی سڑکیں، تجارتی مراکز اور ہوٹلوں کی راہداریاں اور دور دور تک سڑکیں نمازیوں سے بھری رہیں۔
مسجد الحرام جانے والے راستوں اور اطراف میں ٹریفک پولیس اہلکار اور کراؤڈ کنٹرول ٹاسک فورس کو تعینات کیا گیا تھا تاکہ لوگ منظم طریقے سے مسجد الحرام میں داخل ہوسکیں۔ ماہ صیام کے آخری عشرہ میں نمازیوں اور زائرین کو بہتر تجربہ فراہم کرنے اور عبادت کے لیے ساز گار ماحول فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔مسجد نبوی اور مسجد نبوی کے امور کے ادارے کے سربراہ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس نے کہا رمضان کے آخری جمعہ کے لیے ’’ صدارت عمومی‘‘ کے منصوبے کی کامیابی پر اللہ کا شکر کرتے ہیں۔ خادم حرمین شریفین کی توجہ سے زائرین کی خدمت کے لیے ہر ممکن کوشش کی گئی۔بنائے گئے منصوبوں میں عبادت کو آسانی کے ساتھ انجام دینے کے خواہش مند افراد کو سہولیات فراہم کرنے کو شامل کیا گیا ہے۔ آخری جمعہ کے لیے عقیدت کا ماحول بنانا اور حرمین شریفین میں جانے والوں کے تجربے کو تقویت بخشنا بھی مقصد تھا۔ لوگوں کی بہتر سہولیات کی فراہمی کی یہ کامیابی شراکت داروں کے درمیان ہم آہنگی، پیمائش اور کارکردگی کے اشاریوں کو ایڈجسٹ کرنے کے نتیجے میں حاصل ہوئی۔
مسجد حرام اور مسجد نبوی میں لاکھوں نمازیوں اور زائرین کی آمد کا مشاہدہ کیا گیا۔ رمضان کے آخری جمعہ کی نماز ادا کی گئی۔ مذہبی خدمات کے مربوط نظام کے درمیان عبادات کو شرعی تقاضوں کے مطابق ادا کرنے کا ماحول فراہم کیا گیا تھا۔اس حوالے سے مسجد نبوی کے امور کی انتظامیہ نے بتایا کہ رمضان المبارک 1445 ہجری کے بابرکت مہینے کے پہلے دو عشروں کے دوران مسجد نبوی میں 20 ملین سے زیادہ نمازیوں نے شرکت کی۔ روضہ مبارک کی زیارت کرنے اور سلام پیش کرنے والوں کی تعداد 16 ملین سے زیادہ رہی۔