نئی دہلی:نواسہ رسول صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی لازوال قربانیوں کی یاد میں دنیا بھر میں غم حسین رضی اللّٰہ عنہ منایا گیا۔ لندن میں سیکڑوں افراد نواسہ رسول صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی قربانیوں کو یاد کرنے نکلے، جنہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے اور وہ نوحہ خوانی کر رہے تھے۔ادھر ایران، لبنان، بحرین اور یمن میں بھی حضرت امام حسینؑ کے چاہنے والوں نے یاد حسین میں تعزیے، جلوس نکالے اور نوحہ خوانی کی۔ کشمیر میں بھی سری نگر کی ڈل جھیل میں کشتیوں پر محرالحرام کا جلوس نکالا گیا۔
We recall the sacrifices made by Hazrat Imam Hussain (AS). His courage and commitment to the ideals of justice and human dignity are noteworthy.
— Narendra Modi (@narendramodi) July 29, 2023
دریں اثنا وزیرِ اعظم نریندر مودی نے بھی یومِ عاشور کی مناسبت سے پیغام جاری کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر نریندر مودی نے لکھا کہ عاشور کے دن ہم حضرت امام حسین رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہہ کی قربانیوں کو یاد کرتے ہیں۔وزیرِ اعظم نے لکھا کہ انصاف اور انسانی وقار سے حضرت امام حسینؓ کی وابستگی یادگار ہے۔ادھر ہندوستان کے مختلف شہروں میں مسلمانوں نے یوم عاشورہ کو اپنے اپنے عقائد کی روشنی میں منایا۔ خاص طور سے اہل تشیع نے اس موقع پر غم حسین کا روایتی طرز اپناتے ہوئے شہدائے کربلا کی بے مثال قربانیوں کو یاد کیا۔دوسری جانب پڑوسی ملک پاکستان میں بھی یوم عاشورہ کے موقع پر تقریب منعقد ہوئیں اور لوگوں نے نواسہ رسول کی شہادت کو یاد کیا ۔ پاکستان میں شبیہِ علم، تابوت اور ذوالجناح کے جلوس برآمد ہوئے۔ عزادار نوحہ خوانی اور سلام پیش کرتے رہے۔ کراچی میں مرکزی جلوس حسینیہ ایرانیان کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا، لاہور میں نثار حویلی سے برآمد ہونے والا جلوس کربلا گامے شاہ پہنچ گیا۔ اسلام آباد، راول پنڈی، پشاور اور کوئٹہ میں بھی جلوس نکالے گئے، مجالسِ شامِ غریباں میں شہدائے کربلا کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ملک کے مختلف شہروں میں یوم عاشورہ کے مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے گزرتے ہوئے اپنی اپنی منازل پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگئے۔ عزادار نوحہ و ماتم کے ذریعے شہدائے کربلا کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کرتے رہے، جلوس کے راستوں پر پانی کی سبیلوں اور نذر و نیاز کا اہتمام کیا گیا۔