لکھنو: یوپی کے سابق ایم پی اورشہ زور لیڈرعتیق احمد جنہیں حال میں ہی قتل کردیا گیا تھا،ان کے وکیل وجے مشرا کو پولیس نے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ہفتے کی رات دیر گئے لکھنؤ کے ایک ہوٹل سے انہیں پکڑا گیا۔ پریاگ راج پولیس کمشنریٹ کے ایک سرکاری بیان میں امیش پال قتل کیس میں وجے مشرا کے ملوث ہونے کی تصدیق کی گئی۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق یوپی پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ عتیق احمد کے وکیل وجے مشرا کو پریاگ راج پولیس نے ایس ٹی ایف کی مدد سے گرفتار کیا ہے۔ وجے مشرا کو خان صولت حنیف کے بیان اور موبائل کی تفصیلات کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے۔
دوسری طرف، پریاگ راج کے ڈی سی پی دیپک بھوکر نے وجے مشرا کی گرفتاری پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا، "آج 30.7.23 کو، ایڈوکیٹ امیش پال کے قتل کیس میں مطلوب ملزم وجے مشرا کو دھوم گنج پولیس ٹیم نے گرفتار کر لیا ہے۔ پیشگی قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ وجے مشرا پریاگ راج کے کریلی علاقے میں رہنے والے وکیل ہیں۔ جو گزشتہ 10 سالوں سے پریاگ راج میں قانون کی پریکٹس کر رہے تھے۔ وجے مشرا عدالت میں عتیق احمد اور ان کے بھائی اشرف کے نچلی عدالت میں چل رہے مقدمات کا دفاع کرتے تھے۔
ایڈوکیٹ وجے مشرا عتیق احمد اور ان کے بھائی اشرف کے قریبی سمجھے جاتے ہیں۔ عتیق واشرف کے قتل کے بعد جب تمام وکلاء نے عتیق کا کیس لینے سے انکار کر دیا تھا،تب یہ وجے مشرا ہی تھے جنہوں نے سپریم کورٹ سے لے کر نچلی عدالتوں میں کیس دائر کیا تھا۔