نئی دہلی:محکمۂ فن، ثقافت و السنہ حکومتِ دہلی گرمی کی تعطیلات میں دہلی سرکار کے مقبول عام نعرے ’’مستی کی پاٹھ شالا‘‘ کے تحت22؍مئی سے25؍جون 2023 تک دہلی کی تمام لسانی اکادمیوں کے ذریعہ اسکولی بچوں کے لیے مختلف فنونِ لطیفہ پر ورکشاپ کا انعقاد کررہی ہے تاکہ بچوں کی مختلف صلاحیتوں کو اجاگر کیا جاسکے۔
اسی کے تحت اردو اکادمی، دہلی دہلی کے پانچ اسکولوں (1)سروودیہ کنیا ودیالیہ، نور نگر، اوکھلا،نئی دہلی (2) اینگلو عربک سینئر سیکنڈری اسکول، اجمیری گیٹ، دہلی (3)سروودیہ کنیا ودیالیہ،پٹودی ہائوس (4)زینت محل سروودیہ کنیا ودیالیہ، جعفر آباد دہلی اور (5)سروودیہ بال ودیالیہ، جنتا فلیٹ، نندنگری، دہلی میں22مئی سے25جون 2023 تک صبح ساڑھے آٹھ بجے سے ساڑھے گیارہ بجے تک مفت ’’بچوں کی اردو تھیٹر ورکشاپ‘‘ کا انعقاد کررہی ہے۔
اردو اکادمی ، دہلی کے سکریٹری نے تمام اسکولوں کے پرنسپل اور اساتذہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اپنے اسکولوں کے زیادہ سے زیادہ سے بچوں کو ان ورکشاپ میں حصہ لینے کے لیے راغب کریں۔ انھوں نے بچوں کے والدین اور سرپرستوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اس موقع سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دلائیں اور اس سنہری موقع سے پورا پورا فائدہ اٹھائیں۔واضح رہے کہ ان ورکشاپ میں بچوں کو ڈرامے کے ماہرین کے ذریعہ ڈرامے کی باریکیاں سکھائی جائیں گی۔ آن لائن فارم بھرنے کے لیے https://edustud.nic.in/result/frmSummerWork.aspx پر لاگ اِن کریں اور فہرست میں آخر میں تھیٹر (اردو) کا انتخاب کرکے اپنے نزدیکی اسکول کا انتخاب کرکے باقی مانگی گئی تفصیلات بھرکر فارم جمع کرسکتے ہیں۔ اگر کسی وجہ سے آن لائن فارم بھرنے میں دشواری آتی ہے تو متعلقہ اسکولوں میں فارم موجود ہیں۔












