غزہ 30 جون (یو این آئی) غزہ کی پٹی پر جاری اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد بڑھ کر 37,877 ہو گئی ہے۔ غزہ میں مقیم محکمہ صحت کے حکام نے اتوار کو ایک بیان میں یہ اطلاع دی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوج کی کارروائی میں 43 افراد ہلاک اور 111 زخمی ہوئے۔ اکتوبر 2023 میں فلسطینی اسرائیل تنازعہ شروع ہونے کے بعد سے اب تک ہلاکتوں کی کل تعداد 37,877 اور زخمیوں کی تعداد 86,969 ہو گئی ہے۔
بیان کے مطابق بہت سے متاثرین کی لاشیں اب بھی ملبے کے نیچے یا سڑکوں پر پڑی ہیں۔صحت کے حکام نے اتوار کو ایک الگ بیان میں خبردار کیا کہ غزہ کی پٹی میں باقی اسپتال، صحت کے مراکز اور آکسیجن اسٹیشن 48 گھنٹوں کے اندر بند ہو جائیں گے کیونکہ جنریٹروں کو چلانے کے لیے درکار ایندھن کی کمی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل نے جنوبی اسرائیلی سرحد کے ذریعے حماس کے حملے کا بدلہ لینے کے لیے غزہ کی پٹی میں حماس کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کی تھی جس کے دوران تقریباً 1200 افراد ہلاک اور 250 کے قریب یرغمال بنائے گئے ۔