نئی دہلی(یواین آئی) عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے تمام ممبران اسمبلی، کونسلروں اور کارکنوں سے وزیر اعلی اروند کیجریوال کے پیغام کو دہلی کے لوگوں تک پہنچانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا دہلی کے لوگوں کو ملنے والی مفت بجلی، پانی، تعلیم اور صحت سمیت دیگر مفت سہولیات پہلے کی طرح ملتی رہیں گی اے اے پی کے اراکین اسمبلی اور کونسلروں کی یہاں اتوار کو ایک اہم میٹنگ ہوئی جس میں پارٹی کی قومی تنظیم کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر سندیپ پاٹھک نے مسٹر کیجریوال سے موصولہ حکم کے بارے میں سب کو آگاہ کیا اور دہلی کے لوگوں کو یقین دلایا کہ عوام کا کوئی بھی کام رکنے نہیں دیاجائے گا۔ انہوں نے تمام ایم ایل اے، کونسلروں اور کارکنوں سے مسٹر کیجریوال کا پیغام دہلی کے لوگوں تک پہنچانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بتائیں کہ حکومت کی طرف سے دہلی والوں کو ملنے والی مفت بجلی، پانی، تعلیم اور صحت سمیت دیگر مفت سہولیات پہلے کی طرح ملتی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر کیجریوال جیل سے حکم دیتے رہیں گے اور ہم مل کر اس پر عمل کریں گے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کو اندازہ نہیں ہے کہ جیل کے اندر بیٹھا مسٹر کیجریوال، باہر والے سے بھی زیادہ خطرناک ہے۔ اب کوئی التجا نہیں، جنگ ہوگی۔
ڈاکٹر سندیپ پاٹھک نے کہا کہ ان کی سازش کا حصہ تھا کہ پہلے مسٹر کیجریوال کو گرفتار کرلیاجائے۔ اس کے بعد ان کا اگلا قدم مسٹر کیجریوال سے استعفیٰ طلب کرنا ہوگا۔ استعفیٰ دیتے ہی یہ لوگ پارٹی توڑ دیں گے۔ انہوں نے بی جے پی کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ایک بھی آدمی توڑ کر دکھاؤ۔ بی جے پی جو چاہے کرلے، کوئی ٹوٹنے والا نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اس لڑائی کو ایک قدم اور آگے لے جانا ہے۔ میں تمام کارکنوں کے لیے اروند کیجریوال کا پہلا حکم لے کر آیا ہوں کہ ہمیں 31 مارچ کو دہلی کے رام لیلا میدان میں ایک بڑی ریلی نکالنی ہے۔ اس حکم پر عمل کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ہم رام لیلا میدان میں ایک بہت بڑی ریلی نکالیں گے۔