نئی دہلی (یواین آئی) سپریم کورٹ میں ایک پی آئی ایل دائر کی گئی ہے جس میں بنگلورو سنٹرل حلقے میں ووٹر لسٹ میں مبینہ طور پر بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کی ایک سابق جج کی سربراہی میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) سے جانچ کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ایڈوکیٹ روہت پانڈے کے ذریعہ ایڈوکیٹ کوثر رضا فریدی کے ذریعہ داخل کردہ درخواست میں لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کے ذریعہ لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
عرضی میں کہا گیا ہے کہ مسٹر گاندھی نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے دوران بنگلورو سنٹرل حلقہ میں ووٹر لسٹ میں بڑے پیمانے پر ہیرا پھیری کے الزامات لگائے تھے۔ انہوں نے یہ الزامات 7 اگست کو ایک پریس کانفرنس میں لگائے تھے۔
درخواست میں مزید ہدایت دی گئی ہے کہ عدالت کی ہدایات پر عمل درآمد اور ووٹر لسٹوں کا آزادانہ آڈٹ مکمل ہونے تک ووٹر لسٹوں میں مزید ترمیم یا حتمی شکل نہ دی جائے۔
درخواست گزار نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کے لیے پابند رہنما خطوط جاری کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے تاکہ ووٹر لسٹوں کی تیاری، دیکھ بھال، شفافیت، جوابدہی اور سالمیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ رہنما خطوط میں نقل یا جعلی اندراجات کا پتہ لگانے اور ان کی روک تھام کے لیے ایک طریقہ کار شامل کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔درخواست میں الیکشن کمیشن کو ووٹر لسٹوں کو بامعنی تصدیق، آڈٹ اور پبلک اسکروٹنی کو قابل رسائی بنانے کی ہدایت دینے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔