نئی دہلی (یو این آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی غریب کلیان یوجنا کو پانچ سال تک بڑھانے کا اعلان کمزور معیشت اور بڑھتی عدم مساوات کی طرف اشارہ کرنے کے ساتھ ہی یہ ثابت کرتا ہے کہ وزیر اعظم کو پلٹی مار کر یوٹرن لینے میں مہارت حاصل ہے۔کانگریس کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج جے رام رمیش نے اتوار کو یہاں ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم نے اعلان کیا ہے کہ پی ایم غریب کلیان یوجنا-پی ایم جی کے وائی کو اگلے پانچ سالوں تک بڑھایا جائے گا۔ یاد کرنے والی بات یہ ہے کہ گجرات کے وزیر اعلیٰ رہتے ہوئے انہوں نے ستمبر 2013 میں پارلیمنٹ سے منظور کیے گئے نیشنل فوڈ سیکیورٹی ایکٹ کی کئی بار مخالفت کی تھی۔انہوں نے کہا کہ’’پی ایم جی کے وائی اور کچھ نہیں بلکہ نیشنل فوڈ سیکورٹی ایکٹ ہے جو پہلے سے ہی 80 کروڑ ہندوستانیوں کا احاطہ کرتا ہے۔ وزیراعظم کے یو ٹرن کی یہ واحد مثال نہیں ہے۔ منریگا پر بھی انہیں اپنا موقف بدلنے کے لئے مجبور ہونا پڑاتھا جو وبائی امراض کے دوران زندگی بچانے والا ثابت ہوا۔
کانگریس کے ترجمان نے کہا کہ مسٹر مودی کا تازہ اعلان معاشی بدحالی اور بڑھتی عدم مساوات کا اشارہ ہے، جو مسلسل خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔ زیادہ تر اہل وطن کی آمدنی اس رفتار سے نہیں بڑھ رہی جس رفتار سے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔