اسلام آ باد(ایجنسیاں) اسلام آباد پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی رہائش گاہ کے سرچ وارنٹس لینے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق شہباز گل کے خلاف اداروں میں بغاوت پر اکسانے کے کیس میں اسلام آباد پولیس نے اب عمران خان کی رہائش گاہ کے سرچ وارنٹس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد پولیس نے عمران خان کی بنی گالا رہائش گاہ کے سرچ وارنٹس کی مجسٹریٹ سے اجازت لینے کے لئے درخواست تیار کرلی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہباز گل کیس میں عمران خان کا گھر اور لینڈ لائن نمبر استعمال ہوا ہے، اور مقدمے کی تفتیش کے لئے عمران خان کی بنی گالہ رہائش گاہ کی سرچنگ ضروری ہے۔ دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ملزم شہباز گل کیس تفتیش کے مراحل میں ہے اس مرحلہ میں تفتیش کے متعلق غلط افواہیں پھیلانا کیس پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہے۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق غلط افواہیں پھیلا کر عوام میں اشتعال انگیزی پھیلائی جارہی ہے، عوام سے گزارش ہے کہ ایسی افواہوں پر کان نہ دھریں۔
دوسری جانب سے بھی خبر ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے خلاف برطانیہ کے چیریٹی کمیشن میں درخواست دائر کروا دی گئی۔ مسلم لیگ ن برطانیہ لیگل ونگ کے سربراہ اور صدر چوہدری انصر محمود نے چیریٹی کمیشن لندن کے چئیرمین کو عمران خان اور پی ٹی آئی کے خلاف درخواست جمع کروائی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ برطانیہ میں لوگوں سے جھوٹ بول کر اور دھوکہ دے کر غیر اخلاقی طور پر خیرات کے نام پر فنڈ جمع کیے گئے، عمران خان نے غریبوں کے لیے جمع کی گئی خیرات سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کی۔ دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ ثابت ہو چکا ہے کہ عمران خان نے فارن فنڈنگ کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا، فنانشنل ٹائمز اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلے کی روشنی میں عمران خان اور ان کی جماعت کے خلاف کارروائی کی جائے۔