نئی دہلی، 07 اکتوبر (یو این آئی) صدرجمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے پیر کے روز یہاں راشٹرپتی بھون میں مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معزو کا استقبال کیا۔
صدرجمہوریہ ہند نے مسٹر معزو اور خاتون اول ساجدہ محمد کے اعزاز میں ضیافت کا بھی اہتمام کیا۔ راشٹرپتی بھون میں ڈاکٹر معزو کا خیرمقدم کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ مالدیپ بحر ہند کے علاقے میں ہندوستان کا قریبی دوست اور کلیدی شراکت دار ہے اور ہندوستان کی ‘پڑوسی پہلے’ پالیسی اور ساگر ویژن میں ایک خاص مقام رکھتا ہے۔ اس دورے کے دوران اپنایا گیا ویژن دستاویز ہمارے تعلقات کی سطح کو بڑھا دے گا اور ایک جامع اقتصادی اور بحری سیکورٹی شراکت داری کے حصول کے لیے ایک واضح روڈ میپ فراہم کرے گا

۔
صدر جمہوریہ نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ہندوستان مالدیپ کے اعلی تجارتی شراکت داروں میں سے ایک ہے۔
ادھر دوسری جانب مالدیپ کی خاتون اول ساجدہ محمد نے پیر کو قومی دارالحکومت میں فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھارٹی آف انڈیا (ایف ایس ایس اے آئی) کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اور اس کے کام کاج کی تعریف کی۔
محترمہ ساجدہ محمد ایک وفد کے ہمراہ تھیں۔ میٹنگ کے دوران محترمہ ساجدہ محمد نے کوڈیکس ایلیمینٹیریس کمیشن (سی اے سی) کے لیے ہندوستان کے رابطہ پوائنٹ کے ساتھ ایک بات چیت کی۔ اس میں فوڈ سیفٹی کے معیارات اور ریگولیٹری فریم ورک کے کلیدی پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ خاتون اول کو ایف ایس ایس اے آئی کے ذریعے ملک بھر میں فوڈ سیفٹی کے اعلیٰ ترین معیارات کو یقینی بنانے کے لیے قائم کیے گئے لیبارٹری کے ماحولیاتی نظام سے آگاہ کیا گیا۔ خاتون اول نے کہا کہ مالدیپ کے فوڈ سیفٹی معیارات کو بہتر بنانے کے لیے ہندوستان کے ساتھ تعاون کرنا مالدیپ کے لیے فائدہ مند ہوگا۔
اس دورے میں فوڈ سیفٹی آن وہیل کا مظاہرہ کیا گیا۔ یہ ایک موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری ہے جو موقع پر فوڈ سیفٹی ٹیسٹ کرنے اور ملک بھر میں فوڈ سیفٹی کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے اہم ہے۔ محترمہ ساجدہ محمد نے اس اقدام کو سراہا۔