سری نگر (یو این آئی) سری نگر کے شیو پورہ کے لوگوں نے بدھ کے روز علاقے میں شراب دکان کھولنے کے خلاف احتجاج درج کیا۔احتجاجیوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈس اٹھا رکھے تھے اور وہ جم کر نعرہ بازی بھی کر رہے تھے۔اس موقع پر ایک احتجاجی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم آج یہاں سڑکوں پر آنے کے لئے مجبور ہوگئے کیونکہ یہاں شراب دکان کھلنے سے ہمارے بچوں کا مستقبل بر باد یوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہماری خواتین کا باہر نکلنا بھی مشکل ہوجائے گا۔
روی راز دان نامی ایک احتجاجی نے کہا کہ میں گذشتہ 32 برسوں سے یہاں رہائش پذیر ہوں اب کچھ دنوں سے شکایت آ رہی ہے کہ یہاں شراب دکان کھولی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ دکان پہلے باہر قومی شاہراہ پر تھی اور اب اس کو یہاں کھولا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا: ’قانون کے مطابق مذہبی مقامات، تعلیمی ادارے سے ڈیڑھ سو میٹر کی دوری پر ہی شراب دکان کھولنے کی اجازت ہے لیکن یہاں جس جگہ شراب دکان کھولی گئی ہے وہاں تین اسکول ہیں اور ایک میریج ہال بھی ہے‘۔انہوں نے کہا کہ میں انتظامیہ کے خلاف نہیں ہوں لیکن یہ کچھ لوگوں کی ہی ملی بھگت ہوسکتی ہے۔احتجاجیوں نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے گذارش کی کہ وہ اس شراب دکان ہٹانے کے لئے اقدام کریں۔