نئی دہلی (یو این آئی) انڈیا گروپ کی نوجوانوں کی تنظیم انڈیا یوتھ فرنٹ نے میڈیکل داخلہ امتحان این ای ای ٹی-یو جی پیپر لیک ہونے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پیر کو کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو اس معاملے میں طلباء سے معافی مانگنی چاہیے اور این ای ای ٹی کا امتحان دوبارہ کروانے کا حکم دیتے ہوئے وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان سے فوری استعفیٰ لیا جائے۔
نوجوان تنظیم نے آج یہاں جنتر منتر پر مظاہرہ کیا جس میں مختلف پارٹیوں کے نوجوان کارکنوں نے حصہ لیا۔ نوجوان تنظیموں کے کارکنوں نے کہا کہ اس امتحان میں دھاندلی کی وجہ سے لاکھوں نوجوانوں کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا ہے، اس لیے مسٹر مودی کو ان نوجوانوں سے معافی مانگنی چاہیے۔ انڈیا یوتھ فرنٹ کے تمام ممبران نے متفقہ طور پر وزیر تعلیم کے جلد از جلد استعفیٰ اور نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کو برخاست کرنے کا مطالبہ کیا۔
مظاہرے میں یوتھ کانگریس کے صدر سری نواس بی وی، سماج وادی یوواجن سبھا کے صدر فہد عالم، سی وائی ایس ایس کے قومی انچارج انوراگ، یووا شیوسینا کے صدر ورون، آر جے ڈی یووا صدر عین احمد، ایم وائی ایل کے صدر آصف انصاری، جن ادھیکار پارٹی یووا کے صدر منیش یادو، سی پی آئی (ایم) کے یوتھ صدر ہمانگ راج، اے آئی وائی ایف یوتھ صدر ششی کمار، ڈی وائی ایف یوتھ صدر انیربن بھٹاچاریہ، شیتل شیو سینا یو بی ٹی، آئی یو ایم ایل کے تھرنپال، کانگریس کے ترجمان آلوک شرما، اے آئی سی سی سکریٹری ابھیشیک دت موجود تھے۔ یوتھ کانگریس کے صدر سرینواس نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ این ای ای ٹی کے امتحان میں دھاندلی کی گئی تھی اور اسی وجہ سے مسٹر مودی اور ان کی حکومت پیپر لیک کے معاملے سے بھاگ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی کے پاس ‘من کی بات’ کے لیے وقت ہے لیکن ان کے پاس ملک کے نوجوانوں کے لیے وقت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے بارہا حکومت سے اس مسئلہ پر بحث کا مطالبہ کیا ہے لیکن مودی حکومت اس مسئلہ پر خاموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی کو چاہئے کہ وہ وزیر تعلیم سے استعفیٰ طلب کریں اور این ای ای ٹٰ کا امتحان منسوخ کر کے اسے جلد از جلد دوبارہ کرایا جائے۔ٰٰ