شملہ، 12 اگست (یو این آئی) کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی کی جانب سے بڑے پیمانے پر انتخابی بے ضابطگیوں کے الزامات سے پیدا ہونے والے سیاسی ہنگامے کے درمیان، کانگریس نے آج 2024 کے انتخابات میں منڈی لوک سبھا نشست سے بھارتیہ جنتا پارٹی کی امیدوار اور بالی وُوڈ اداکارہ کنگنا رناوت کے انتخاب پر سوالات اٹھا دیے۔
منڈی سے ایک آزاد امیدوار کا نام مسترد کرنے کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی ایک انتخابی عرضی ہماچل پردیش ہائی کورٹ میں بھی زیرِ سماعت ہے۔ ہماچل پردیش کانگریس کمیٹی کی صدر پرتبھا سنگھ نے گاندھی کے الزامات کی تائید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ریاست میں بی جے پی کی لوک سبھا انتخابات میں کلین سویپ کے پیچھے ’ کچھ مشکوک‘ ضرور ہے۔
محترمہ پرتبھا سنگھ نے اپنے بیٹے، محکمہ تعمیرات عامہ کے وزیر وکرم آدتیہ سنگھ کے خلاف بی جے پی امیدوار کنگنا رناوت کی بڑی جیت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ہم ہماچل میں دہائیوں سے انتخابات دیکھ رہے ہیں لیکن کبھی چار سے پانچ لاکھ ووٹوں کا فرق نہیں دیکھا۔انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ فرق ڈیڑھ لاکھ رہا ہے۔انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ گاندھی کے جعلی ووٹوں اور ووٹر لسٹ میں ردوبدل کے الزامات کی گہرائی سے تحقیقات کرے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کے ردِعمل کو غیر ذمہ دارانہ اور مرکزی حکومت کے دباؤ میں قرار دیا۔