نئی دہلی، 25 نومبر ( یو این آئی ) دیہی ترقی اور زراعت اور کسانوں کی بہبود کے مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے خواتین کے خلاف تشدد پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پیر کو کہا کہ عصمت دری کے قصورواروں کو موت کی سزا دی جانی چاہئے۔صنفی تشدد کے خلاف قومی مہم ’نئی چیتنا – پہل بدلاو کی‘ کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز کرنے کے لیے یہاں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر چوہان نے کہا کہ خواتین کو خود کو تشدد سے بچانے کے لیے بااختیار بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دیہی اور شہری علاقوں میں اس حوالے سے بیداری پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
خواتین اور بچوں کی ترقی کی مرکزی وزیر اناپورنا دیوی نے بھی صنفی تشدد کے خاتمے کے لیے حکومت کی اجتماعی کوششوں کے اس پروگرام میں حصہ لیا۔ دیہی ترقی کے وزیر مملکت ڈاکٹر چندر شیکھر پیمسانی اور کملیش پاسوان اور سکریٹری شیلیش کمار نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔
دیہی ترقی کے مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے پیر کو یہاں کہا کہ خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد کے رجحان کو انہیں سیاسی، اقتصادی اور تعلیمی طور پر بااختیار بنانے سے ہی ختم کیا جا سکتا ہے۔یہاں خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق نئی چیتنا 3.0 مہم کے آغاز کے موقع پر خطاب کرتے ہوئےمسٹر چوہان نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے تیزی سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ خواتین کے خلاف تشدد اور عصمت دری جیسے گھناؤنے جرائم کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اعداد و شمار کے مطابق جنسی تشدد کے 90 فیصد واقعات خواتین کے جاننے والے اور رشتہ داروں کی جانب سے ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف گھناؤنے جرائم کا ارتکاب کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت سزا کے التزامات کئے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین پر ظلم کرنے والوں کو سزا دیتے وقت انسانی حقوق کو مدنظر نہیں رکھا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’وحشیوں کے کیسے انسانی حقوق ، ہاں شریف آدمیوں کے انسانی حقوق کا خیال ضرور رکھنا چاہیے۔
خواتین اور بچوں کی ترقی کی مرکزی وزیر اناپورنا دیوی نے اس موقع پر کہا کہ نئی چیتنا 3.0 ایک قابل ذکر پہل ہے، یہ روک تھام کے طریقہ کار کے لحاظ سے بہت اہم پہل ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین ملک کی تعمیر میں تب ہی رول ادا کر سکیں گی جب انہیں خوف سے پاک ماحول ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ خواتین کو محفوظ اور خوف سے پاک ماحول فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے 13916 تھانوں میں خواتین ہیلپ ڈیسک قائم کیے گئے ہیں جس کی وجہ سے خواتین کے لیے تھانوں میں اپنے خلاف فوجداری مقدمات درج کروانا آسان ہو رہا ہے۔اس سے قبل مسٹر چوہان اور محترمہ اناپورنا دیوی نے نئی چیتنا 3.0 کی گائیڈ کا اجرا کیا۔