ممبئی ( پریس ریلیز ) ہم اپنے بچوں کو عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ دین کے بنیادی علوم ضرور سکھلائیں بالخصوص قرآن کریم کی تعلیم سے انہیںراستہ و پیراستہ کریں ،انہیں دین کے بنیادی عقائدکو سکھائیں ،اسلام کےاراکین خمسہ یاد کرائیں اور انہیں اس پر استقامت کے ساتھ عمل کرنے کی ترغیب دیں ان خیالات کا اظہار جمعیۃ علماء مہا راشٹر کے جنرل سکریٹری مولانا محمد ذاکر قاسمی صاحب نے نور مسجد واشی نیو ممبئی اور حقانی مسجد گوونڈی ممبئی میں منعقدہ دینی تعلیمی بیداری اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ آل انڈیا دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء ہند کے حکم پر جمعیۃ علماء مہا راشٹر کے صدرمولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب کی ہدایت کے مطابق ریاست مہا راشٹر کے تمام اضلاع ،شہر تعلقوں اور قصبات و مواضعات میں دینی تعلیمی بیداری مہم منظم طریقے پرچلا ئی جارہی ہےجو باالترتیب ۳۰؍ رجب المرجب تک جاری رہے گی ۔
مفتی محمد آزاد قاسمی صاحب ( صدر مفتی جامعہ معراج العلوم چیتا کیمپ ٹرامبے ممبئی ) نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم بچوں کو اسلامی تعلیم سے مزین کریں، دین سے دور نہ کریں، انہوں نے کہاکہ دین سے دوری کا لازمی نتیجہ یہ ہے کہ مسلمان آسانی کے ساتھ اپنے اسلام کو خیر باد کہہ کردین کو چھوڑ دیتے ہیں، جب کہ اسلام اللہ کی سب سے بڑی نعمت ہے ۔نظامت کے فرائض مولانا مفتی امتیاز احمد قاسمی نے انجام دیئے۔اس کے علاوہ مولانا عبدالرشید قاسمی امام و خطیب حقانی مسجد گوونڈی ممبئی ۔ مولانا اشفاق احمد قاسمی استاد مدرسہ عربیہ معراج العلوم چیتا کیمپ، حافظ نذیر احمد صاحب استاد مدرسہ عربیہ معراج العلوم چیتا کیمپ اور دیگر علمائے کرام نے شرکت کی۔
اسی طرح نورمسجدنور واشی ممبئی میں دینی تعلیمی بیداری مہم کے تعلق سے پروگرام منعقد ہوا ،جس کا آغاز مولانا محمدزاہد قاسمی صاحب ،استاذ جامعہ معراج العلوم چیتا کیمپ کی تلاوت کلام پاک سےہوا ، مولانامحمدذاکر قاسمی صاحب( جنرل سکریٹر ی جمعیۃ علماء مہا راشٹر) نے خطاب کرتے ہوئے فر مایا کہ اس وقت ہماری امت کا سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ مسلم معاشرہ میں اپنی اولاد کواعلیٰ تعلیم سے آراستہ کرنے کے جنون اورا س کے لیے معیاری اسکولوں اورکالجس کے انتخاب نے سرپرستوں میں ایمان وشرک، حلال وحرام اور جائزوناجائز کے فرق کو مٹادیاہے،آج اپنی اولاد کو ایمان سوز حرکتوں سے روکنےکی ضرورت ہے۔ مفتی معروف صاحب امام وخطیب واشی نورمسجدنےاجلاس کی کاروائی چلائی، مفتی محمدآزادبیگ قاسمی صاحب کی دعاء پر اجلاس کا اختتام عمل میںآیا ،اس موقع پرمولانااشفاق صاحب، مولاناسرورصاحب،حافظ محمدسراج صاحب اساتذہ معراج العلوم مولانااشفاق صاحب مدرسہ معہدعائشہ للبنات گوونڈی و دیگر شریک تھے ۔