ہندوستان کی سابقہ ٹینس اسٹار نے نماز کی اہمیت اجاگر کر کے لوگوں کے دل ایک بار پھر جیت لیے
حیدرآباد: ہندوستان کی سابقہ ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے نماز کی اہمیت اجاگر کر کے سب کے دل ایک بار پھر جیت لیے۔خیال رہے کہ ثانیہ مرزا نے حال ہی میں اپنے آبائی شہر حیدر آباد دکن میں ’دعوتِ رمضان‘ کے نام سے منعقد ہونے والے رمضان ایکسپو میں شرکت کی، جس کی میزبانی ان کی بہن انعم مرزا کر رہی تھی۔
سابقہ ٹینس کھلاڑی نے رمضان ایکسپو میں شریک ان کے مداحوں اور فالورز سے بات چیت بھی کی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔وائرل ہونے والی مذکورہ ویڈیو میں ثانیہ مرزا نے نماز کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نماز کی ادائیگی کو دیگر چیزوں پر ترجیح دیں۔
اس ویڈیو میں ثانیہ مرزا نے ’دعوتِ رمضان‘ کے شرکاء سے کہا کہ رمضان کا مزہ لینا ہے تو ’دعوتِ رمضان‘ سے بہتر اور کونسی جگہ ہو سکتی ہے، یہاں ضرور آئیں لیکن یہاں آنے سے پہلے اپنی نماز اور تراویح پڑھ کر آئیں اس سے پہلے یہاں مت آئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو نماز ادا کر کے نہیں آتے ان کے لیے یہاں بھی جگہ مختص کی گئی ہے اور جو تہجد ادا کرنا چاہتا ہے ان کے لیے بھی انتظام کیا گیا ہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو نے صارفین کے دل جیت لیے اور ویڈیو کے کمنٹس میں تبصرہ کرتے ہوئے صارفین نے ثانیہ مرزا کی تعریفوں کے پل باندھ دیے۔