، 31 دسمبر (یو این آئی) ٹھاکرے گروپ کے رکن پارلیمان سنجے راوت کو ایک نامعلوم شخص کی جانب سے بم دھماکے کی تحریری دھمکی دی گئی ہے, جس پر کینجورمارگ پولیس نے نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور تلاش کا عمل جاری ہے۔ اطلاع کے مطابق راوت کے بھاندوپ واقع ’میتری‘ بنگلے کے باہر کھڑی ویگن آر کار کئی دنوں سے ایک ہی مقام پر موجود تھی جس پر مٹی جمی ہوئی تھی۔
اسی مٹی سے ڈھکی شیشے پر کسی نے ہندی میں دھمکی آمیز جملہ تحریر کیا — "آج ہنگامہ ہوگا! آج رات 12 بجے بم بلاسٹ ہوگا”۔یہ منظر دیکھ کر راوت کے ساتھیوں نے فوراً تصاویر اتار کر پولیس کو بھیج دیں۔ اطلاع ملتے ہی بم ڈسپوزل اسکواڈ اور پولیس ڈاگ اسکواڈ موقع پر پہنچے اور گاڑی سمیت اطراف کی تلاشی لی، تاہم کوئی مشکوک شے نہیں ملی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ احتیاطی بنیاد پر تفتیش شروع کردی گئی ہے اور لکھائی کس کی ہے اس کا سراغ لگایا جا رہا ہے۔
قبل ازیں بھی کچھ نامعلوم افراد نے موٹر سائیکل سے پہنچ کر بنگلے کی ریکی کی تھی اور متعدد موبائل کیمروں سے تصویریں لی تھیں۔ اس واقعہ کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی تھی اور اسمبلی میں بھی اس کا ذکر ہوا تھا۔ اس وقت میڈیا نمائندوں نے ان افراد کو روکنے کی کوشش کی تھی مگر وہ موٹر سائیکل پر فرار ہوگئے تھے۔












