علی گڑھ:(نمائندہ) کل بروز اتوار علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے.ایم.یو) کے گیارہویں کے سائنس ، کامرس و برج کورس کے داخلہ ٹسٹ میں تقریباً 23 ہزار طلبہ نے شرکت کی۔ اس موقعے پر مسلم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آف انڈیا (ایم -ایس -او) اے.ایم.یو یونٹ کی طرف سے ٹھنڈے پانی و شربت کا اہتمام کیا گیا۔ ایم ایس او کور کمیٹی کے ممبر و انچارج ڈاکٹر محمد احسان الحق جامعی نے تأثرات پیش کرتے ہوئے نمائندہ سے کہا کہ خدمت خلق ہی ہمارا اصل مقصد ہے۔ اس تپتی ہوئی دھوپ میں عام لوگوں کا نکلنا دشوار ہوتا ہے، ایسے میں اگر ٹھنڈا پانی مل جائے تو دل کو سکون مل جاتا ہے، اسی لئے ہماری تنظیم ہر سال ایم ایم یو کے سارے داخلہ ٹسٹ میں طلبہ و گارجین حضرات کے لئے پانی و شربت کے ساتھ ساتھ ہیلپ ڈسک کا اہتمام کرتی ہے اور انشاء اللہ ہمیشہ کرتی رہے گی۔ تنظیم کے صدر ڈاکٹر مطیع الرحمن مصباحی نے بتایا کہ کیمپس کے اندر سب سے متحرک و فعال تنظیم یہی ہے جو کسی بھی سیاسی مفاد کے بغیر صوفیاء کرام کے طرز پر صرف اور صرف دینی ، سماجی ، ملی اور تعلیمی و ثقافتی خدمات انجام دیتی ہے۔ تنظیم کے نائب صدر ذیشان احمد کریمی نے بتایا کہ ہم لوگوں نے صبح سے شام تک ہزاروں لوگوں کو شربت و پانی پلایا۔ اس میں کسی کو کوئی قید نہیں تھی، جو جتنا چاہے پی سکتا ہے، بلکہ بوتلیں بھر بھر کر لوگ شربت لے جا رہے تھے۔ طلبہ کی رہنمائی کے لئے اراکین کے مخصوص لوگوں کو بٹھایا گیا تھا جو طلبہ کی ہر طرح سے رہنمائی کر رہے تھے۔ تنظیم کے سبھی اراکین بے حد خوش تھے۔ اس موقعے پر تنظیم کے خزانچی ڈاکٹر کیف رضا صاحب، سکریٹری جناب یوسف ، جوائنٹ سکریٹری ڈاکٹر کامل رضا، محمد عبد اللہ ، اویس خان، نعمان عتیق، افضل، آصف رضا، نورین انصاری کے علاوہ دوسرے اراکین سبھی موجود تھے۔












