نئی دہلی: پنجاب کے آدم پور سے ایم ایل اے رہے شرومنی اکالی دل لیڈر پون کمار ٹینو، عام آدمی پارٹی میں شامل ہو گئے ہیں۔ پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے خود انہیں پارٹی میں شامل کیا ۔ امکان ہے کہ وہ عام آدمی پارٹی کے ٹکٹ پر جالندھر سے لوک سبھا الیکشن لڑ سکتے ہیں۔آپ کو بتاتے چلیں کہ عام آدمی پارٹی پنجاب میں تنہا الیکشن لڑ رہی ہے۔ پنجاب کی تمام 13 نشستوں پر یکم جون کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ یہاں کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے درمیان دوستانہ مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔
قابل ذکر ہے کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات سے قبل دہلی کے وزیر اعلیٰ کو شراب پالیسی معاملے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اس کے بعد بی جے پی نے بھی اروند کیجریوال سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔
دہلی کے وزیر اعلی اور عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال کی گرفتاری کے بارے میں، پارٹی کے رہنما اور پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے این ڈی ٹی وی کو بتایا تھاکہ ہماری پارٹی میں چہرے کی سیاست نہیں چلتی، ہماری پارٹی میں سبھی سپاہی ہیں اور سبھی جنرل ہیں۔ اب میری ذمہ داری بڑھ گئی ہے، میں اپنی ذمہ داری پوری کروں گا۔ ملک بھر میں مہم چلاؤں گا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمیں عدالت پر بھروسہ ہے، کیجریوال جلد باہر آئیں گے۔ کیجریوال ایک شخص نہیں بلکہ ایک سوچ ہے، سوچ کو کیسے گرفتار کریں گے؟