پٹنہ(یو این آئی) بہار حکومت نے آج ریاست کی ہوا کے معیار کو بہتر بنانے اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے 100 کروڑ روپے کی لاگت سے کلین ایئر ٹرانسفارمیشن پروجیکٹ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر خزانہ سمراٹ چودھری نے پیر کو اسمبلی میں بجٹ 2025-26 پیش کرنے کے بعد اعلان کیا کہ ریاست میں ہوا کے معیار کو بہتر بنانے اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے 100 کروڑ روپے کی لاگت سے بہار کلین ایئر ٹرانسفارمیشن پروجیکٹ کو لاگو کیا جائے گا۔
مسٹر چودھری نے کہا ’’میں فخر کے ساتھ بہار گرین ڈیولپمنٹ فنڈ کا اعلان کرتا ہوں۔ اس میں ریاستی حکومت ابتدائی سیڈ فنڈنگ کے طور پر 25 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرے گی۔ یہ فنڈ سیڈ فنڈنگ سے کئی گنا زیادہ سرمایہ کاری کو راغب کرے گا، جس سے بہار کی آب و ہوا کو لچکدار اور کاربن نیوٹرل بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ موسمیاتی مالیات کو متحرک کرنے میں بہار کی قیادت کی عکاسی کرتا ہے اور حال ہی میں منظور کردہ موسمیاتی موافقت اور کم کاربن ڈیولپمنٹ اپروچ کو لاگو کرنے کے ہمارے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ سرکاری سرمائے کو نجی سرمایہ کاری کے ساتھ ملا کر یہ فنڈ ہمارے چیلنجوں کو مواقع میں بدل دے گا۔ اس سے ہماری زرعی آب و ہوا کو لچکدار بنانے، صاف توانائی کی طرف بڑھنے اور ہمارے نوجوانوں کے لیے سبز ملازمتیں پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ بہار گرین ڈیولپمنٹ فنڈ سبز بہار، خوشحال بہار کے ہمارے وژن کی نمائندگی کرتا ہے، جہاں معاشی ترقی ماحولیاتی تحفظ اور سماجی ترقی کے ساتھ ساتھ چلتی ہے۔