ممبئی (یو این آئی) مہاراشٹر کے کلامانوری سے شیوسینا کے ایم ایل اے سنتوش بانگر کا ایک ویڈیو وائرل ہوا ہے جس میں وہ ہنگولی ضلع میں کنٹریکٹ مزدوروں کو غیر معیاری مڈ ڈے میل پیش کرنے پر ایک پرائیویٹ کیٹرنگ مینیجر کے ساتھ غیرمہذب زبان کا استعمال کرتے اور تھپڑ مار تے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ پیر کو ہونے والے اس واقعہ کے بعد مقامی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی گئی ہے ۔
مسٹر بانگر نے پہلے کہا تھا کہ وزیر اعلی ایکناتھ شندے اور ان کے گروپ کو غدار کہنے والے کسی شخص کو برداشت نہیں کیا جائے ۔ وہ ان لوگوں پر برہمی کا اظہار کر رہے تھے جو باغیوں کو غدار کہہ رہے تھے ۔ اس بیان کے بعد وہ کافی سرخیوں میں آگئے ۔ جب بانگر سے رابطہ کیا گیا تو وہ اپنے بیان پر قائم رہے اور کہا کہ سچا شیو سینک کبھی غدار نہیں ہو سکتا۔