نئی دہلی، 13 نومبر (یو این آئی) مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے دہلی کے بارہ کھمبا پولیس اسٹیشن میں تعینات دہلی پولیس کے ایک سب انسپکٹر کو رشوت کے مبینہ معاملے میں گرفتار کیا ہے۔سی بی آئی ذرائع نے پیر کو یہ جانکاری دی۔ گرفتار ملزم کی شناخت راجیش یادو کے طور پر ہوئی ہے۔ سی بی آئی حکام نے یادو کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ مبینہ طور پر شکایت کنندہ سے 4.5 لاکھ روپے رشوت لے رہا تھا جیسا کہ اسی پولیس اسٹیشن میں تعینات اپنے ساتھی ایس آئی کی ہدایت کے مطابق وہ ایسا کررہا تھا۔ دونوں سب انسپکٹرز کے احاطے کی تلاشی لی جا رہی ہے۔ شکایت کی بنیاد پر بارہ کھمبا پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر ورون چیچی کے خلاف رشوت طلب کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تقریباً 10-12 دن پہلے شکایت کنندہ ایک پرائیویٹ کمپنی کے مذکورہ ملزم کو دوائیاں فراہم کرنے پولیس اسٹیشن پہنچا تھا، جسے دہلی کی تہاڑ جیل سے وہاں لایا گیا تھا۔ اس کے بعد سب انسپکٹر نے اپنی بیٹی اور داماد کو گرفتار نہ کرنے پر ان سے مبینہ طور پر 25 لاکھ روپے رشوت طلب کی۔ سب انسپکٹر نے شکایت کنندہ سے مانگے گئے 25 لاکھ روپے میں سے 05 لاکھ روپے کی جزوی ادائیگی قبول کرنے پر اتفاق کیا۔ سی بی آئی نے جال بچھا کر مذکورہ پولیس اسٹیشن کے ایک اور سب انسپکٹر کو 4.5 لاکھ روپے کی مبینہ رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔