پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے اعلان کیا کہ ہم نے تمام اسمبلیوں سے نکلنے کا فیصلہ کیا ہے
اسلام آباد/راولپنڈی(ایجنسیاں):پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اب وہ مزید اس کرپٹ نظام کا حصہ نہیں رہ سکتے۔ لہذٰا ہم نے تمام اسمبلیوں سے نکلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ہفتے کو راولپنڈی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ انہوں نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلٰی سے بات کی ہے اور آج پارلیمانی پارٹی سے بھی بات کر رہا ہوں اور بہت جلد اعلان کریں گے کہ ہم کب ساری اسمبلیوں سے باہر نکل رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ تحریکِ انصاف اب اس کرپٹ نظام کا مزید حصہ نہیں رہ سکتی۔اُن کے بقول پوری کوشش رہی کہ سات ماہ کے دوران ملک میں انتشار نہ پھیلے کیوں کہ اگر انتشار ہوا تو گیم سب کے ہاتھ سے نکل جائے گی۔ لہذٰا فیصلہ کیا ہے کہ اسلام آباد نہیں جانا کیوں کہ تباہی ہو گی اور نقصان ملک کا ہو گا۔ لیکن فیصلہ کیا ہے کہ ہم نے مزید اس نظام کا حصہ نہیں رہنا۔خیال رہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں تحریکِ انصاف کی حکومتیں ہیں جب کہ قومی اسمبلی سے پی ٹی آئی پہلے ہی مستعفی ہو چکی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ آج راولپنڈی میں اس لیے جمع ہوئے تاکہ اداروں پر دباؤ ڈال سکیں کہ فوری الیکشن کرائیں کیوں کہ یہ ملک مزید دلدل میں پھنس رہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ جب ملک کی معیشت نیچے جاتی ہے تو پھر ملک ٹوٹ جاتا ہے۔ الیکشن جب بھی نو ماہ بعد ہوں جیتنا تو ہم نے ہی ہے۔ لیکن ملک کی ضرورت آج الیکشن کرانا ہے۔
عمران خان بولے کہ آج یہ فیصلہ کرنا تھا کہ اسلام آباد جائیں کیوں کہ جب لاکھوں لوگ جمع ہوں گےتو پولیس بھی نہیں روک سکے گی۔اُن کے بقول” ہم نے کیا جرم کیا تھا کہ بیرونی سازش کے ساتھ مل کر ہماری حکومت گرائی۔ میں ساڑھے تین برس کے دوران صرف ایک محاذ پر ناکام ہوا وہ یہ تھا کہ طاقت وروں کو ملک کو لوٹنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں نہیں لا سکا۔ کیوں کہ نیب اسٹیبلشمنٹ کے نیچے تھا۔”
اُن کا کہنا تھا کہ جن کے پاس کنٹرول تھا وہ ان چوروں کو جیلوں میں ڈالنے کے بجائے ان کے ساتھ ڈیلیں کر رہے تھے۔ میں نے ہر میٹنگ میں یہ بات کی کہ جب تک طاقت ور کو انصاف کے کٹہرے میں نہیں لائیں گے ملک آگے نہیں بڑھے گا۔