پھلواری شریف: امارت شرعیہ بہار، اڈیسہ وجارکھنڈ پھلواری شریف پٹنہ، ملت اسلامیہ ہندیہ کے اجتماعی نظام کی ایک زندہ وشاندار علامت ہے، مسلمانوں کا ہر فرد امارت شرعیہ کی ایک اینٹ کی حیثیت رکھتا ہے، اس ادارہ کی تاریخ اپنی گو ناگوں ملی خدمات کی وجہ سے روشن ہے، جب بھی انسانوں کو یا ملت اسلامیہ کو کوئی ضرورت پڑی، اس تنظیم نے ہر موقع پر تعاون کا ہاتھ بڑھایا ہے، دین و شریعت کی حفاظت، اسلامی احکام کی تنفیذ اور اصلاح معاشرہ میں اس کا اہم کردار رہا ہے۔
یہ ادارہ اج بھی موجودہ امیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب دامت برکاتہم کی امارت وسرپرستی میں ماضی کی طرح ملت کی سربلندی اور شریعت کے تحفظ کے لیے ہر دم مستعد اور تیار ہے، مذکورہ باتیں امارت شرعیہ کے معاون ناظم جناب مولانا احمد حسین قاسمی مدنی نےاصلاحی وفد کے پروگرام کےموقع پر اپنےآخری خطاب میں کہیں، موصوف نے مسلمانوں کے ایک جم غفیر سے تعلیم، اتحاد امت، اصلاح معاشرہ اور موجودہ وقت میں مسلمانوں کی ذمہ داریوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی، اوراصلاح معاشرہ کی طرف توجہ دلاتے ہوئے مہمان مکرم نے تلک جہیز بارات کو سماج کے لیے ناسور بتایا اور لوگوں کو ان جیسے کاموں سے بچنے کی تلقین کی ۔
مغربی چمپارن کے پپراسی، مدھوبنی، بگہا ایک اور بگہا دو کے مختلف مسلم مواضعات میں امارت شرعیہ کا گزشتہ 11 جولائی سے جاری دعوتی و اصلاحی پروگرام آج والمیکی نگر بگہا کی جامع مسجد میں بحسن وخوبی اختتام پذیر ہو گیا ۔جہاں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی، اس وفد میں شریک دارالعلوم الاسلامیہ امارت شرعیہ کے استاذ حدیث مولانا مفتی محمد ارشد قاسمی صاحب نے دینی تعلیم کے موضوع پر مسلمانوں کو ان کی ذمہ داری کا احساس دلایا اور کہا کہ کامیابی کی ساری منزلیں تعلیم کی شاہراہ سے ہو کر گزرتی ہیں۔ دوسری طرف مغربی چمپارن کے قاضی شریعت مولانا محمد اشتیاق قاسمی صاحب نے دارالقضاء کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے، میاں بیوی کے حقوق، وراثت،نکاح، طریقۀ طلاق اور ایک مسلم خاندان کی خصوصیات کو تفصیل سے بیان کیا ۔جبکہ جلسے کی نظامت کے فرائض جناب مولانا اسعد اللہ نیموی نے انجام دئے۔
وہیں پروگرام میں موجود جناب مولانا سمیع اللہ قاسمی سکریٹری تنظیم امارت شرعیہ بگہا اورمنتظم جلسہ جناب مولانا نثار احمد قاسمی نائب سکریٹری تنظیم امارت شرعیہ بگہا نے مہمانان کرام کا استقبال کیا۔ اس پروگرام کو ترتیب دینے اور کامیاب بنانے میں امارت شرعیہ کے مبلغین جناب مولانا نوشاد عالم مظاہری اور مولانا اسعد اللہ نیموی کے علاوہ مقامی ذمہ داران نے اپنی مخلصانہ خدمات پیش کیں۔