نئی دہلی، 21 مارچ (یو این آئی) کانگریس نے آج لوک سبھا انتخابات کے لئے 56 امیدواروں کی تیسری فہرست جاری کی۔کانگریس کی تیسری فہرست میں جن اہم لوگوں کو ٹکٹ دیا گیا ہے، ان میں اروناچل پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ نبام توکی کو اروناچل ویسٹ سے، پروفیسر ایم وی راجیو گوڈا کو بنگلورو نارتھ سے اور منصور علی خان کو بنگلورو سینٹرل سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔ پارٹی نے راجستھان کی سیکر سیٹ مارکسسٹ کمیونٹی پارٹی کے لیے چھوڑ دی ہے، جو انڈیا الائنس کی اتحادی ہے۔یہ جانکاری دیتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے کہا کہ پارٹی کی سنٹرل الیکشن کمیٹی نے ان امیدواروں کے ناموں کو منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیسری فہرست میں پارٹی نے اروناچل سے دو، گجرات سے 11، کرناٹک سے 17، مہاراشٹرا سے سات، راجستھان سے چھ، تلنگانہ سے پانچ، مغربی بنگال سے آٹھ اور پڈوچیری سے ایک امیدوار کا اعلان کیا ہے۔