بہار ریاستی راشٹریہ جنتا دل اقلیتی سیل کے ریاستی عہدیداروں کی میٹنگ میں پارٹی کے بہارصدر نے کہی یہ بات
جن کو آئین و قانون سے کوئی مطلب نہیں وہ نفرت کا ماحول تیار کر رہے ہیں: جگدانند سنگھپٹنہ ( یواین آئی )بہار ریاستی راشٹریہ جنتا دل اقلیتی سیل کے ریاستی عہدیداروں کی میٹنگ آر جے ڈی دفتر کے کرپوری آڈیٹوریم میں سیل کے ریاستی صدر ڈاکٹر نواز عالم عرف انور عالم کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ڈاکٹر انور عالم نے ریاستی عہدیداروں سے کہا کہ تنظیم کو مضبوط کرنے کے لیے پروگرام چلائیں اور لالو جی اور تیجسوی جی کے خیالات کو لوگوں تک پہنچانے کا کام کریں۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں ریاستی صدر جگدانند سنگھ نے کہا کہ آج ملک میں آئین اور سیکولرازم پر حملہ کیا جارہاہے، ہمیں اس بارے میں چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔ انہیں آئین اور قانون سے کوئی سروکار نہیں بلکہ اقتدار حاصل کرنے کے لیے نفرت کا ماحول بنا رہے ہیں۔ آج ملک میں مذہبی جنونیت پیدا کی جا رہی ہے اور ملک کے بھائی چارے اور اتحاد کو تباہ کرنے کا کام جاری ہے۔ ہمیں اس کے خلاف مضبوطی سے متحدہوکر ملک، آئین، جمہوریت، بھائی چارے اور اتحاد کے لیے کام کرنا ہو گا اور اس کے لیے سنجیدہ ہونا پڑے گا کیونکہ انسان اور انسانیت زندہ رہے گی تو ہی ملک مضبوط ہو سکتا ہے۔ لالو جی نے انسانوں اور انسانیت کے لیے جو کام کیا ہے اسے مضبوطی سے آگے بڑھانے کی ضرورت ہے کیونکہ نفرت پھیلانے والوں کے خلاف انسانیت اور بھائی چارہ اور گنگا جمونی تہذیب سے ہی ملک کو مضبوط کیا جا سکتا ہے۔
قومی پرنسپل جنرل سکریٹری عبدالباری صدیقی نے کہا کہ آج اقلیتی برادریوں کو ووٹ کے لیے نشانہ بنایا جا رہا ہے اور خاص طور پر مسلمان، عیسائی اور سکھ نشانے پر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقلیتی سماج میں تنظیم کو مضبوط بنانے کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسٹر لالو پرساد اور تیجسوی پرساد یادو نے ہمیشہ اقلیتی سماج کے مسائل کو حل کرنے کے لیے کام کیا ہے اور اصولوںسے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔چاہے اس کے لیے انھیں جتنی بھی مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا، انھوں نے ملک کے اندر بھائی چارے اور آئین کو بچانے کے لیے مضبوطی سے کام کیا۔
آر جے ڈی کے ریاستی ترجمان اعجاز احمد نے کہا کہ ریاستی صدر اور پرنسپل جنرل سکریٹری نے تمام ریاستی عہدیداروں کو سرٹیفکیٹ، پارٹی کا نشان رومال اور لالو جی کے خیالات سے متعلق کتاب ‘گوپال گنج ٹو رائے سینا’ دے کر ان کی عزت افزائی کی۔