جموں،26دسمبر(یو این آئی)مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے دورہ جموں وکشمیر کے پیش نظر سرمائی راجدھانی کے قریب و جوار میں سیکورٹی کا فقید المثال بندوبست کیا گیا ہے۔بتادیں کہ مرکزی وزیر دفاع بدھ کے روز جموں دورے پر آرہے ہیں جس دوران وہ راجوری اور پونچھ اضلاع کی سیکورٹی صورتحال کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیں گے۔اطلاعات کے مطابق مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ بدھ کے روز جموں و کشمیر کے دورے پر آرہے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ وزیر دفاع کے دورے کے پیش نظر جموں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا: ‘شہر میں مختلف مقامات پر عارضی ناکے بٹھائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ سرحدی علاقوں میں نگرانی بڑھائی گئی ہے’۔جموں شہر کے تمام علاقوں میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور ناکوں کے جال کو مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔نامہ نگار نے بتایا کہ ناکوں پر گاڑیوں کی تلاشی کی جاتی ہے اور ان میں سوار مسافروں کی بھی جامہ تلاشی اور ان کے شناختی کارڈ بھی چیک کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کئی مقامات پر راہگیروں کو بھی روک کر ان کی تلاشی اور شناختی کارڈ چیک کئے جاتے ہیں۔رپورٹس کے مطابق اپنے دورے کے دوران موصوف وزیر دفاع لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا فوج، پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کے اعلیٰ افسروں کے ساتھ میٹنگیں کریں گے۔