مظفرنگر:22اگست(یواین آئی) اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعرات کو کہا کہ ان کی حکومت آئندہ دو سال میں دو لاکھ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرے گی۔میرا پور علاقہ واقع بھگونت انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنا لوجی احاطے میں منعقد روزگار میلے کے دوران یوگی آدتیہ ناتھ نے نوجوان کو تقرری لیٹر، ٹیبلٹ اور اسمارٹ فون تقسیم کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت آئندہ دو سال میں دولاکھ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرے گی۔ اس کا آغاز کل یعنی جمعہ سے پولیس بھرتی امتحان سے ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آج اتر پردیش ایک عظیم ریاست بن رہا ہے، اس شناخت کو بنانے کے لیے ترقی، تحفظ، نوجوانوں کو روزگار اور سرکاری ملازمتوں کی ضرورت ہے، جس کے لیے ریاستی حکومت پوری طرح سے پابند عہدہے۔ اگلے دو سالوں میں ریاست کے دو لاکھ نوجوانوں کو نوکریاں فراہم کی جائیں گی۔ کسی نوجوان کی قابلیت پر کوئی سوال نہیں اٹھانے دیا جائے گا۔ اگر کسی نے نوجوانوں کے مستقبل سے کھیلا تو اس کی جائیداد ضبط کر کے غریبوں میں تقسیم کر دی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 2017 سے پہلے ریاست میں انارکی کا ماحول تھا۔ کسانوں، تاجروں اور نوجوانوں کے لیے کوئی اسکیم نہیں تھی لیکن ہماری حکومت نے سب کے لیے اسکیمیں بنائی تھیں جن پر عمل درآمد بھی شروع ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ انتشار پسند عناصر ملک اور ریاست کو ذات پات کی بنیاد پر تقسیم کرنے کی سازش کر رہے ہیں جسے کسی قیمت پر کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ معاشرے کو تقسیم کرنے اور فساد برپا کرنے والوں سے ہوشیار رہیں، اقتدار دوبارہ ایسے لوگوں کے ہاتھ میں نہیں آنا چاہیے۔
انہوں نے اپنے خطاب کا آغاز سابق وزیر اعظم چودھری چرن سنگھ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایک وقت تھا جب اتر پردیش میں فسادات اور غنڈہ گردی ہوتی تھی، خواتین، تاجر اور کسان محفوظ نہیں تھے۔ پہلے کیرانہ اور کاندھلہ سے ہجرت ہوتی تھی، آج کہیں سے کوئی ہجرت نہیں ہے لیکن سرمایہ کاری مسلسل بڑھ رہی ہے۔
وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ 2017 سے پہلے ایس پی اور بی ایس پی کے دور میں فسادات، اغوا اور غنڈہ گردی عروج پر تھی اور کسان، تاجر اور نوجوان سبھی پریشان تھے۔ ایس پی کا ماڈل سب کے سامنے ہے۔ قنوج میں نواب برانڈ، ایودھیا میں معید خان اور لکھنؤ میں ایک شخص نے حرکت کی اس کے بعد پولیس انتظامیہ نے کاروائی کی تو ایس پی لیڈروں کو بڑی مرچی لگی۔ یہ بڑی شرم کی بات ہے کہ ایس پی سربراہ عصمت دری کرنے والوں کے ساتھ کھڑے نظر آرہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے میرٹھ میں اسپورٹس یونیورسٹی کی تعمیر اور ریاست کی 150 آئی ٹی آئی کو بین الاقوامی معیار کی بنانے کے بارے میں بھی لوگوں کو آگاہ کیا۔ یہ بھی بتایا کہ ریاست میں 10 لاکھ MSME یونٹ قائم کیے جائیں گے۔ اس کے پہلے مرحلے میں پانچ لاکھ یونٹس قائم کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے، اس کے لیے مظفر نگر کے نوجوان صنعت کاروں کا بھرپور تعاون کرنا ہوگا۔ اس مہم سے ریاست کے 50 لاکھ نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔
یوگی آدتیہ ناتھ نے بجنور کے رکن اسمبلی چندن چوہان کی سفارش پر میران پور اسمبلی حلقہ میں 39 سڑکوں کی تعمیر اور توسیع کے لیے فنڈز کی منظوری دی۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی اس پروگرام کے دوران 146 پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا اور افتتاح کیا۔ ان کی قیمت 300 کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔