لکھنؤ:22اگست(یواین آئی) اترپردیش حکومت نے ریزرو سول پولیس میں براہ راست بھرتی کے لئے 23 اگست جمعہ سے دو مرحلوں میں ہونے والے امتحان کے سلسلے میں سخت سیکورٹی کے انتظامات کئے ہیں۔ہر امتحانی مرکز پر اسٹیٹک مجسٹریٹ کی تعینات کی گئی ہے جبکہ سنٹر میں امیدواروں کی تعداد کے مطابق سنٹرل آبزرور کے طو ر پر ڈپٹی ایس پی سے لے کر سب انسپکٹر موجود رہیں گے۔وہیں سی سی ٹی وی کیمروں سے باریک نگرانی کی جائے گی ساتھہی سبھی امیدواروں کا بایو میٹر ویریفکیشن کے بعد بھی انہیں امتحانی سنٹر میں داخل دیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ پولیس فورس کو مزید مضبوط بنانے کے لیے یوگی حکومت 60,244 پولیس کانسٹیبل کی آسامیوں پر بھرتی کر رہی ہے، جن کے امتحانات 23، 24، 25 اور 30، 31 اگست کو ریاست کے 67 اضلاع کے 1174 مراکز پر منعقد کئے جا رہے ہیں۔
اتر پردیش پولیس ریکروٹمنٹ اینڈ پروموشن بورڈ (UPPRPB) کے چیئرمین راجیو کرشنا نے کہا کہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی منشا کے مطابق امتحان کے لیے مختلف انتظامی اور پولیس افسران اور ملازمین کو تعینات کیا گیا ہے، جب کہ ضلعی سطح پر ضلع مجسٹریٹ اور ضلعی انتظامیہ سپروائزر (مجسٹریٹ) کے طور پر کام کریں گے۔امتحانی مرکز کی ڈیوٹی، سیکٹر مجسٹریٹ،ا سٹیٹک مجسٹریٹ کی تقرری سمیت دیگر انتظامی انتظامات ان کی طرف سے کئے گئے ہیں۔ اس کے تحت ضلع مجسٹریٹ نے ہر سنٹر پر سٹیٹک مجسٹریٹ کے ساتھ اسسٹنٹ سنٹر سپروائزر کو تعینات کیا ہے۔
وہیں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو اسسٹنٹ نوڈل آفیسر (ایڈمنسٹریشن) کے طور پر مقرر کیا گیا ہے جبکہ ایک سیکٹر مجسٹریٹ کو بھی 3 امتحانی مراکز پر تعینات کیا گیا ہے۔ یہی نہیں، فلائنگ اسکواڈ بھی بغیر دھوکہ دہی کے امتحان کے انعقاد کے لیے تیار ہوں گے۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سے لے کر سب انسپکٹر تک سینٹر کے مبصر کے طور پر موجود رہیں گے۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو ریاست کے ان مراکز میں تعینات کیا جائے گا جہاں ایک ہزار سے زیادہ امیدوار ہیں۔ ایک ہزار امیدواروں والے مراکز پر انسپکٹرز اور پانچ سو امیدواروں والے مراکز پر سب انسپکٹرز تعینات کیے گئے ہیں۔امتحان کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے، امتحانی مرکز میں تعینات اہلکاروں میں سے 50 فیصد کو ضلع مجسٹریٹ اور بقیہ 50 فیصد کو سینٹر کے منتظم (پرنسپل) نے تعینات کیا ہے۔ ان میں اول اور دوم امتحانی معاونین کا تقرر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور سینٹر ایڈمنسٹریٹر کریں گے، جبکہ ہر 12 امیدواروں کے لیے ایک انویجیلیٹر تعینات کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ اسسٹنٹ انسپکٹر بھی تعینات رہیں گے۔
امتحان کو شفاف بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کیا جائے گا کہ اصل امیدواروں کو ہی داخلہ دیا جائے۔ اس کے لیے امتحانی مرکز میں امیدواروں کی چیکنگ اور نگرانی کے لیے مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔ امیدواروں کو صرف فزیکل فریسکنگ، ایچ ایچ ایم ڈی کی طرف سے تلاش، بائیو میٹرک فنگر پرنٹ اور چہرے کی شناخت کے بعد ہی سینٹر میں داخلہ دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی چہرے کی شناخت کی صورت میں ایف آر آئی ایس کیپچرکرنے کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔چہرے کی شناخت میں شک کی صورت میں، امیدوار کی آدھار تصدیق کی جائے گی۔ اس کے علاوہ موبائل، بلیو ٹوتھ جیسے الیکٹرانک آلات کو غیر فعال کرنے کے لیے تمام مراکز پر جیمرز لگائے جائیں گے۔ امتحانی ہال اور سنٹر میں سی سی ٹی وی لگا کر نگرانی کی جا رہی ہے جس کی لائیو فیڈ مرکز کے کنٹرول روم، ضلع کے کنٹرول روم اور ریکروٹمنٹ بورڈ ہیڈ کوارٹر کے کنٹرول روم میں موصول ہوگی۔