مولانا احمد ولی فیصل رحمانی کو آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا سکریٹری بنائے جانے پر امار ت شرعیہ میں استقبالیہ اجلاس
پٹنہ:حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب امیر شریعت بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈو سجادہ نشیں خانقاہ رحمانی مونگیر کے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سکریٹری منتخب ہوکر پہلی بار پٹنہ تشریف لانے پر امارت شرعیہ میں ایک باوقار استقبالیہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔جس میں امارت شرعیہ کے سبھی ذمہ داران و کارکنان کے علاوہ سیاسی و سماجی شخصیات، مختلف تنظیموں کے ذمہ داران،علماء، ائمہ کرام، دانشوران، صحافی حضرات،ارد و اور ہندی زبانوں کے اخباری نمائندگان، الیکٹرونک میڈیا کے نمائندگان، وکلاء اور قانون داں حضرات اور معززین شہر بڑی تعداد میں جمع ہوئے اور حضر ت امیر شریعت کو بورڈ کی اس بڑی ذمہ داری ملنے پر انہیں مبارک باد دی ساتھ ہی ان کے نیک خواہشات کا اظہار کیااور امید ظاہر کی کہ آپ کے فکر و عمل اور اولوالعزمی سے بورڈ کے کاموں کو مضبوطی ملے گی۔ اس موقع پرامارت شرعیہ کے کانفرنس ہال میں منعقد استقبالیہ اجلا س میں تمام حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے حضرت امیر شریعت نے کہا کہ یہ جو ذمہ داری ملی ہے، اس کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے مجھے آپ سب کی دعا کی بھی ضرورت ہے اور آپ کے عملی تعاون کی بھی ضرورت ہے۔اگر آپ کا تعاون رہا تو اس عہدے کے جو تقاضے ہیں اس کو ہم کامیابی کے ساتھ پورا کر سکتے ہیں۔ آپ نے بورڈ کو در پیش مسائل اور مشکلات کا تذکرہ کرتے ہوئے ملک میں یونیفارم سول کوڈ کے نفاذ کے سلسلہ میں حکومت کے بڑھتے ہوئے قدم پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ یونیفارم سول کوڈ ملک کو سالمیت کی طرف نہیں لے جائے گا بلکہ اس کو نقصان اور تقسیم کی طرف لے جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ بورڈ کے ذمہ داروں کی نئی ٹیم مل کر ان مشکلات اور چلینجز کا سامنا کرے گی اور ملک و قوم کو صحیح سمت کی طرف رہنمائی کرے گی۔نائب امیر شریعت حضر ت مولانا محمد شمشاد رحمانی صاحب نے کہا کہ آپ کے خاندان کی عزیمت سے بھری تاریخ رہی ہے،آپ کے دادااور والد نے مسلم پرسنل لا بورڈ کو اپنے خون جگر سے سینچا اور پروان چڑھایا، اب ایک مرتبہ پھر آپ کے مضبوط کندھوں بورڈ کی اہم ذمہ داری آئی ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ آپ کی جواں سال قیادت میں بورڈ کا کارواں آگے بڑھے گا۔اس سے قبل افتتاحی خطاب کرتے ہوئے قائم مقام ناظم مولانا محمد شبلی القاسمی صاحب نے امارت شرعیہ اور خانقاہ رحمانی کے اکابر کے مسلم پرسنل لاء کے تحفظ کے لیے کی گئی جد وجہد کو بیان کیا اور حضرت امیر شریعت کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آپ کا حسن انتخاب نہ صرف ہم بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ والوں کے لیے بلکہ پورے ملک کے مسلمانوں کے لیے لیے فال نیک ثابت ہو گا۔جناب احمد اشفاق کریم صاحب رکن راجیہ سبھا نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ مجھے حضرت مولانا منت اللہ رحمانی رحمۃ اللہ علیہ، حضرت مولانا محمد ولی رحمانی رحمۃ اللہ علیہ کی ماتحتی میں بورڈ میں کام کرنے کا موقع ملا اور آج عظیم دادا کے عظیم پوتے اور عظیم والد کے عظیم بیٹے حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی کے ساتھ بھی مجھے بورڈ میں کام کرنے کا موقع مل رہا ہے۔میں امید کرتا ہوں کہ آپ کے فکر و عمل سے بورڈ کو مضبوطی ملے گی۔
اس موقع سے جناب شکیل احمد خان ایم ایل اے،جناب اظہار الحسن صاحب ایم ایل اے، جناب نہال احمد صاحب ایم ایل اے، جناب مولانا رضوان احمد اصلاحی امیر جماعت اسلامی بہار،مولانا ڈاکٹر شکیل احمد قاسمی اورینٹل کالج پٹنہ،مولانا ابو الکلام قاسمی شمسی سابق پرنسپل مدرسہ اسلامیہ شمس الہدیٰ، جناب ارشاد اللہ صاحب چیئر مین بہار اسٹیٹ سنی وقف بورڈ،جناب ارشاد علی آزاد چیئر مین بہار اسٹیٹ شیعہ وقف بورڈ،جناب اشرف فرید صاحب ایڈیٹر قومی تنظیم، جناب ڈاکٹر انوا ر الہدیٰ صاحب ناظم نشر و اشاعت جمعیۃ علماء بہار،جناب پروفیسر یونس حکیم صاحب سابق چیئر مین اقلیتی کمیشن بہار،جناب اظہار احمد سابق ایم ایل اے، جناب عید محمد انصاری صاحب پرو وی سی مولانا مظہر الحق عربی و فارسی یونیورسٹی پٹنہ،جناب مولانا اعجاز احمد سابق چیئر مین بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ پٹنہ، جناب گوپال روی داس ایم ایل اے پھلواری شریف،جناب اعظمی باری صاحب سینئر کانگریسی لیڈر،جناب مولانا مفتی سعید الرحمن قاسمی مفتی امارت شرعیہ وغیرہ نے بھی اظہار خیال کیا اور حضر ت امیر شریعت کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی مضبوط اور جواں سال قیادت سے بورڈ کے کاموں کو مضبوطی ملے گی اور بورڈ کا سفر حسن و خوبی کے ساتھ جاری رہے گا۔اس موقع سے سبھی حاضرین نے ملک کے نامور عالم دین فقیہ العصر حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کے بورڈ کا صدر منتخب ہونے پر ان کو مبارک باد پیش کی ساتھ ہی تمام نو منتخب ذمہ داران کو بھی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ کی اس نئی ٹیم سے قوم کو بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔ انشا ء اللہ امید ہے کہ یہ ٹیم ان توقعات پر کھری اترے گی اور بورڈ کو ان سے مزید استحکام ملے گا۔
اجلاس کا آغاز جناب مولانا احمد حسین مدنی قاسمی صاحب معاون ناظم امارت شرعیہ کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، جب کہ نعت شریف جناب مولانا مفتی مجیب الرحمن قاسمی بھاگل پوری نے پیش کی۔اجلاس کی نظامت کے فرائض قائم مقام ناظم جناب مولانا محمد شبلی القاسمی صاحب اور جناب مولانامفتی محمد سہراب ندوی نائب ناظم صاحب نے مشترکہ طور پر انجام دیے۔