ممبئی (یو این آئی) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ودیا بالن آج 44 برس کی ہو گئیں۔ یکم جنوری 1979 کو پیدا ہونے والی ودیا بالن بچپن سے ہی اداکارہ بننے کا خواب دیکھا کرتی تھیں۔ سال 1995 میں ودیا بالن کو زی ٹی وی پر نشر ہونے والے سیریل ہم پانچ میں کام کرنے کا موقع ملا۔ ودیا بالن نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 2003 میں بنگالی فلم بھالو تھیکو سے کیا۔ ودیا نے بالی ووڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز 2005 میں ریلیز ہونے والی ودھو ونود چوپڑا کی فلم ’پرنیتا‘ سے کیا۔ اس فلم میں ان کی زبردست اداکاری کے لیے انہیں بہترین ڈیبیو اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا۔ اس فلم میں ودیا بالن کے مقابل سنجے دت تھے۔ یہ فلم ٹکٹ کھڑکی پر سپر ہٹ ثابت ہوئی۔سال 2006 میں ودیا بالن کو ایک بار پھر سنجے دت کے ساتھ ودھو ونود چوپڑا کی فلم ‘لگے رہو منا بھائی’ میں کام کرنے کا موقع ملا۔ سال 2007 میں ودیا بالن کو منی رتنم کی فلم ’گرو‘ میں کام کرنے کا موقع ملا۔فلم میں ودیا کا کردار چھوٹا ہونے کے باوجود انہوں نے شائقین کا دل جیت لیا۔ اس کے بعد ودیا بالن کی ہیے بے بی اور بھول بھولیا جیسی سپرہٹ فلمیں ملیں ۔ بھول بھولیا کے لیے ودیا کو بہترین اداکارہ کے فلم فیئر ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا گیا تھا۔ ودیا بالن نے 2009 کی فلم ’پا‘ میں امیتابھ بچن کی والدہ کا کردار ادا کیا تھا۔ اس فلم کے لئے انہیں بہترین اداکاری کا فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا تھا۔
سال 2010 میں ریلیز ہونے والی فلم ’عشقیہ‘ ودیا بالن کے کیریئر کی اہم فلموں میں سے ایک ہے۔اس فلم میں ناظرین کو ودیا بالن کی اداکاری کا ایک نیا روپ دیکھنے کو ملا۔انہیں فلم فیئر کی جانب سے بہترین اداکارہ کے کریٹکس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ فلم میں ان کی زبردست اداکاری کی گئی۔ سال 2011 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘دی ڈرٹی پکچر’ ودیا بالن کے کیریئر کی سب سے کامیاب فلم ثابت ہوئی۔ ایکتا کپور کے بینر تلے بننے والی اس فلم میں ودیا بالن نے جنوبی ہند کی اداکارہ سلک اسمتھا کے کردار کو سلور اسکرین پر زندہ کیا۔ فلم میں ان کی زبردست اداکاری پر انہیں بہترین اداکارہ کے قومی ایوارڈ اور فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔
سال 2012 میں ریلیز ہونے والی فلم کہانی بھی ودیا بالن کے کیریئر کے لیے سنگ میل ثابت ہوئی، اس فلم کے ذریعے ودیا بالن نے اپنی زبردست اداکاری سے دکھایا کہ گلیمر کا سہارا لیے بغیر بھی فلم کو سپرہٹ بنایا جا سکتا ہے۔ اس کے لیے بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا۔اسی سال ودیا نے یو ٹی وی کے سی ای او سدھارتھ رائے کپور سے شادی کی۔ ودیا بالن کو سال 2014 میں پدم شری ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ اس کے بعد ودیا نے شادی کے سائیڈ ایفیکٹس، بوبی جاسوس، تین کہانی 2، بیگم جان، تمہاری سولو، مشن منگل، شکنتلا دیوی، شیرنی اور جلسہ جیسی فلموں میں کام کیا۔