میکسیکو سٹی، 22 مئی (یو این آئی) میکسیکو میں بحرالکاہل کے ساحل پر واقع تفریحی مقام اکاپولکو میں تشدد کے تازہ واقعات میں چند گھنٹوں کے دوران کم از کم 12 افراد ہلاک ہو گئے۔شہر کے پبلک سکیورٹی سکریٹریٹ کے مطابق، چار مردوں اور دو خواتین کی لاشیں پیر کے روز ریزورٹ کے اگواس بلانکاس گول چکر کے نزدیک جینویسہ کنڈومینیم کے سامنے سے برآمد ہوئیں۔
متاثرین میں سے متعدد نیم برہنہ حالت میں تھے اور ان پر تشدد کے نشانات تھے۔ لاشوں کو شناخت کے لیے فورنسک میڈیکل سروس کے پاس ریفر کیا گیا۔نیشنل گارڈ، گوریرو اسٹیٹ پولس اور مقامی پولس کے افسران قتل کے واقعات کی تحقیقات کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچ چکے ہیں۔دریں اثناء، اکاپولکو کے مضافات میں، دو مسلح حملوں میں چار افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔تشدد کی ان وارداتوں سے پہلے، ایکاکوس ڈسٹرکٹ میں ریزورٹ کے مشہور گولڈن زون کے نزدیک نامعلوم حملہ آوروں نے ایک شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔یہ مشہور ریزورٹ گزشتہ 15 سالوں سے منظم جرائم سے منسلک تشدد کی لہر کا شکار رہا ہے، جو سمندری طوفان اوٹس کی تباہی سے نبرد آزما ہوچکا ہے۔