نئی دہلی 31 مئی (یو این آئی) دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے کہا کہ دہلی میں پیدا ہونے والا پانی کا بحران دہلی حکومت کے غیر ذمہ دارانہ رویہ کا نتیجہ ہے۔ایک ویڈیو کے ساتھ خط جاری کرتے ہوئے مسٹر سکسینہ نے آج کہا کہ پچھلے کچھ عرصے سے دہلی میں پانی کے بحران پر دہلی حکومت کا غیر ذمہ دارانہ رویہ نظر آ رہا ہے۔ دہلی میں عورتیں، بچے، بوڑھے اور نوجوان اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر پانی کی بالٹی لینے کے لیے ٹینکروں کے پیچھے بھاگ رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ کا 24 گھنٹے پانی کی فراہمی کا وعدہ سراب ثابت ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہریانہ اور اتر پردیش دہلی کو اپنے مقررہ کوٹے کا پانی مسلسل فراہم کر رہے ہیں۔ اس کے باوجود دہلی میں پانی کے بحران کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ آنے والے 54 فیصد پانی کا کوئی حساب نہیں ہے۔ پرانی اور خستہ حال پائپ لائنوں کی وجہ سے چالیس فیصد پانی ضائع ہو رہا ہے۔ دہلی حکومت نے پچھلے 10 برسوں میں ہزاروں کروڑ روپے خرچ کیے، لیکن اس کے باوجود کوئی حل نہیں نکلا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ایک طرف دہلی کے امیر علاقوں میں فی شخص اوسطاً 550 لیٹر پانی فراہم کیا جا رہا ہے، وہیں گاوں اور کچی بستیوں میں فی شخص اوسطاً 15 لیٹر پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ آج بھی وزیرآباد کے علاوہ دیگر پلانٹس اپنی گنجائش سے زیادہ پانی پیدا کر رہے ہیں۔