جموں،03 مارچ(یو این آئی)جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کے روز کہاکہ گزشتہ سال خصوصی حیثیت سے متعلق پاس کی گئی قرار داد کو مرکزی حکومت نے مسترد نہیں کیا ہے ۔انہوں نے تمام ممبران اسمبلی پر زور دیا کہ عوامی فلاح و بہبود کی خاطر مل جل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ان باتوں کا اظہار انہوں نے اسمبلی کے باہر نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ اسمبلی کے پہلے سیشن میں ریاستی اور خصوصی درجہ کی بحالی کو لے کر قرار داد پاس کی گئی اور بی جے پی کو چھوڑ کر سبھی نے اس کی حمایت کی جوکہ ایک احسن اقدام ہے۔
وزیرا علیٰ نے کہاکہ کچھ لوگ یہ سوچ رہے ہیں کہ خصوصی درجہ سے متعلق کسی بھی قرارداد کو مرکزی حکومت مسترد کرئے گی ایسا نہیں ہے کیونکہ اسمبلی کے پہلے سیشن میں نیشنل کانفرنس نے خصوصی اور ریاستی درجے سے متعلق جو قرارداد متفقہ طورپر پاس کرائی وہ مرکزی سرکار نے خارج نہیں کی ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا ہمیں جو کرنا تھا پہلے سیشن کے دوران کیا لہذا اب اس پر مزید گفت وشنید کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اگر ہم نے پہلے سیشن کے دوران وہ بل نہ لائی ہوتی تو اس پر اب بحث کا امکان موجو دتھا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر کے خطاب پر بحث کے لیے ایوان کا اجلاس منگل کو ہوگا اور اراکین اسمبلی میں اپنے مسائل اٹھانے کے لیے آزاد ہیں۔آزاد ممبر اسمبلی خورشید رشید کی جانب سے احتجاج کرنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جوا ب میں عمر عبداللہ نے کہاکہ سرکار سبھی مسائل پر ایوان میں بات کرنے کے لئے تیار ہے۔