حیدرآباد (اے یوایس) سی بی آئی کی جانب سے دہلی حکومت کی اکسائیز پالیسی میں مبینہ بے قاعدگیوں کی تحقیقات کے تلنگانہ تک پہنچنے کے امکانات بڑھ چکے ہیں۔ بی جے پی نے شراب کے مبینہ گھپلے میں وزیراعلی کے افراد خاندان اور خاص طور پر رکن کونسل کویتا کے ملوث ہونے کا الزام عائد کیا۔ سی بی آئی کی جانب سے دہلی کے نائب وزیراعلی منیش سیسوڈیا کی قیامگاہ کے علاوہ ملک کی 7 ریاستوں میں بیک وقت چھاپے مارے گئے تھے۔
سی بی آئی کارروائی کے آغاز کے بعد دہلی کے سیاسی حلقوں میں یہ بات گشت کرنے لگی کہ شراب پالیسی تحقیقات میں وزیراعلی تلنگانہ کے سی آر کے افراد خاندان کیلئے مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔ نئی دہلی میں بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ پرویش ورما نے الزام عائد کیا کہ وزیراعلی کے چندر شیکھر راؤ کے افراد خاندان نے دہلی حکومت کی اکسائیز پالیسی کے بارے میں فائیو اسٹار ہوٹل میں ملاقاتیں کی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی اکسائیز پالیسی مغربی بنگال کی پالیسی کی طرح ہے۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کے افراد خاندان نے ایک بائیو اسٹار ہوٹل میں میٹنگس میں شرکت کی جو دہلی کی اکسائیز پالیسی طئے کرنے کیلئے منعقد ہوئی تھی۔ کے سی آر کے افراد خاندان نے اسی پالیسی کو اختیار کیا جس پر پنجاب میں عمل کیا جارہا ہے۔ منیش سسوڈیا اور اروند کجریوال کے ساتھ مل کر یہ پالیسی تیار کی گئی ہے۔
اسی دوران تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے میڈیا سل نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو اَپ لوڈ کیا جس میں بی جے پی کے ایک قائد وزیراعلی کی دختر کویتا پر شراب گھپلا میں ملوث ہونے کا الزام عائد کررہے ہیں۔ کانگریس نے دہلی کے اکسائز گھپلا کے مبینہ معاملے میں کے سی آر کی دختر کویتا کا رول بے نقاب کے عنوان سے یہ ویڈیو اَپ لوڈ کیا۔ پردیش کانگریس نے الزام عائد کیا کہ بیٹی کو بچانے کے سی آر نے بی جے پی سے خفیہ معاہدہ کرلیا ہے۔ ویڈیو میں بی جے پی قائد نے الزام عائد کیا کہ لکر اسکام میں کے سی آر کی دختر کویتا کا رول ہے۔ انہوں نے اوبرائے ہوٹل میں شراب کے تاجروں کے ساتھ میٹنگ کی۔
بی جے پی قائدین نے کہا کہ شراب کے بڑے بیوپاری چڈھا پریوار سے کویتا کی میٹنگ ہوئی اور انہوں نے اس خاندان سے پیسہ حاصل کرکے فیکٹری کی مہربندی کو ختم کرایا۔ واضح رہے کہ بی جے پی نے اچانک کے سی آر کے خلاف گھیرا بندی شروع کردی ہے اور توقع ہے کہ سی بی آئی شراب اسکام کے معاملہ میں اپنی تحقیقات کو تلنگانہ تک توسیع دیگی اور وزیراعلی کے افراد خاندان کو تحقیقات کے دائرہ میں شامل کیا جائیگا۔ بی جے پی کے سنسنی خیز الزامات پر کویتا یا پھر ٹی آر ایس کے کسی لیڈر نے کوئی ردعمل نہیں دیا۔ ایسے وقت جبکہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ تلنگانہ کے دورہ پر ہیں، بی جے پی نے شراب گھپلا میں کے سی آر خاندان کو گھیرتے ہوئے تلنگانہ کے سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا کردی ہے۔