سری نگر(ایم این این) جموں و کشمیر وقف بورڈ کے چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے جمعہ کو پولیس حکام کو ان نوجوانوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا حکم دیا جنہوں نے درگاہ حضرت بل لان میں فحش ویڈیو شوٹ کرکے اسے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیا ہے۔
ڈاکٹر اندرابی نے کہا کہ ویڈیو نے عوامی جذبات کو ٹھیس پہنچائی اور مزید کہا، "ہم اپنے روحانی مزارات پر اس طرح کی فحاشی برداشت نہیں کر سکتے”۔
انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ نے پہلے ہی مزار کے احاطے میں کسی بھی شوٹنگ کے لیے پیشگی اجازت کے احکامات جاری کیے ہیں اور یہ سستا ویڈیو شوٹ ہدایت کی خلاف ورزی ہے اور لوگوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچا رہا ہے۔ ڈاکٹر اندرابی نے کہا، "اس طرح کی غلط حرکتوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ ڈیوٹی پر موجود وقف کے عملے کے خلاف بھی کارروائی شروع کی جائے گی۔
انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ ایسی شرارتی حرکتوں کی اطلاع فوری طور پر پولیس یا وقف عملہ کو دیں تاکہ ایسے عناصر کو سستی ویڈیوز بنانے سے روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہہم کسی بھی صورت میں ایسے عناصر کو عوام کے اجتماعی جذبات سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے اور ایسے عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔